پٹنہ ۔ 24 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اسرائیل بہار کے نالندہ اور ویشالی میں ترکاری اور آموں کے شعبہ میں دو سنٹرس آف ایگزیلنس کھولنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے تاکہ ان کی پیداوار میں اضافہ کیا جاسکے ۔ ان مراکز میں اسرائیل کے زرعی ماہرین مقامی زرعی سائنسدانوں کے ساتھ پیداوار میں اضافہ کی جدید ٹکنالوجی کا تبادلہ کریں گے تاکہ ترکاری اور آم کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکے ۔ اسرائیلی سفارت خانہ کے ترجمان اوہاد ہورسنڈی نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں زرخیز زمین کی فراوانی ہے اور آم ، لیچی اور کیلے ( موز ) جیسے پھلوں کے علاوہ مختلف ترکاریوں بشمول آلو کی پیداوار کے لیے انتہائی موزوں ہے ۔۔
کالج طالبہ کا اغواء
پٹنہ۔/24جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) کالج جانے والی ایک لڑکی کا دو افراد نے اغواء کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ مغویہ لڑکی ایک کنٹراکٹر کی بیٹی ہے جس کا کرباغ علاقہ سے اغواء کیا گیا۔ پولیس نے اس گاڑی کو ضبط کرلیا ہے جس کا استعمال لڑکی کے اغواء کے لئے کیا گیا تھا جبکہ مغویہ لڑکی کے ارکان خاندان کا ادعا ہے کہ لڑکی کا اغواء دھرمیندر نامی ایک شخص نے کیا ہے جو کچھ روز قبل ہی جیل سے ضمانت پر رہا ہوا ہے۔پولیس کو شبہ ہے کہ یہ معاملہ معاشقہ یا گھر سے بھاگنے کا بھی ہوسکتا ہے جس کی ہر زاویہ سے تحقیقات کی جارہی ہے۔