قتل و خون کے واقعات پر رام ولاس پاسوان کا الزام
نئی دہلی۔/29ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار میں سلسلہ وار قتل و خون کے واقعات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مرکزی وزیر اور ایل پی جی سربراہ رام ولاس پاسوان نے آج یہ الزام عائد کیا ہے کہ ریاست میں ’’ جنگل راج ‘‘ واپس آگیا ہے جیسا کہ انتخابات سے قبل این ڈی اے نے اندیشہ ظاہر کیا تھا اور نتیش کمار حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب بے عملی کا نتیجہ ہے۔ مسٹر پاسوان نے کہا کہ ہم نے خبردار کردیا تھا کہ نتیش۔ لالو انتخابات میں جیت گئے تھے جنگل راج واپس آجائے گا لیکن نتیش۔ لالو نے اسے جنگل راج قرار دیا تھا اور اب عوام کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ بہار میں فی الحال جنگل راج ہے یا منگل راج ہے ۔ مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان جو کہ بہار میں حاجی پور پارلیمانی حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں ضلع ویشیالی میں ایک انجینئر کی مشتبہ حالت میں موت کو ضلع دربھنگہ میں2انجینئروں کے قتل پر یہ ریمارکس کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان واقعات پر ریاستی حکومت نے کوئی کارروائی نہیں کی ہے جس سے یہ شبہ ہوتا ہے کہ پس پردہ کسی کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں غذائی اجناس کے ایک تاجر کو مظفر پور میں یحییٰ پور پولیس اسٹیشن کے حدود میں نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر ہلاک کردیا ہے جس پر رام ولاس پاسوان نے یہ سوال کیا کہ اگر ریاست میں قتل و خون کا بازار گرم رہا تو سرمایہ کار یہاں کیونکر آسکتے ہیں۔