سیوان (بہار) ۔ 24 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کرشنا تھیٹر کے قریب نامعلوم افراد نے ایک بی جے پی لیڈر کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ یہ واقعہ کل شام اس وقت پیش آیا جب سریکانت بھارتی (42 سال) ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد موٹر سیکل پر علاقہ سوتال ٹولی میں واقع اپنے مکان واپس جارہے تھے جبکہ دوسری موٹر سیکل پر سوار مسلح حملہ آور انتہائی قریب سے ان کے سر پر گولی مار دی۔ انہیں صدر ہاسپٹل منتقل کرنے پر مردہ قرار دیا گیا۔ ڈی آئی جی سدرن ریجن پرشانت نے یہ اطلاع دی۔ سریکانت بھارتی نے 2010 کے اسمبلی انتخابات میں حلقہ سیوان سے کانگریس ٹکٹ پر مقابلہ کیا تھا لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکے۔ بعدازاں انہوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ پارٹی لیڈر کے قتل کے خلاف بی جے پی کارکنوں نے آج یہاں بند منایا۔