بہار میں اے بی وی پی کے بند سے ٹرین اور ٹرانسپورٹ سرویس درہم برہم

بہار ۔ 30 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام) : بہار میں آج ٹرین سرویس اور روڈ ٹریفک درہم برہم ، موٹر گاڑیوں کو نقصان پہنچانے اور زبردستی دکانات بند کروائے گئے جب کہ بی جے پی کی طلباء تنظیم اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد نے 24 گھنٹوں کے بہار بند کا اعلان کیا تھا ۔ یہ بند 26 مارچ کو اے بی وی پی کے چلو اسمبلی مارچ کے دوران پولیس لاٹھی چارج اور فائرنگ کے خلاف بطور احتجاج بند منایا گیا ۔ اس واقعہ میں تنظیم کے سینکڑوں کارکن زخمی ہوگئے تھے ۔ پٹنہ یونیورسٹی کے علاقہ میں ودیارتھی پریشد کے کارکن اکھٹا ہوئے اور زبردستی یونیورسٹی کی کلاسیس کو معطل اور دفاتر کے علاوہ دیگر تعلیمی اداروں کو بند کروایا ۔ بعد ازاں احتجاجی طلباء جلوس کی شکل میں مصروف ترین علاقوں اشوک راج پتھ اور گاندھی میدان سے گذرتے ہوئے سڑکوں پر ٹائر جلا کر ڈال دئیے اور دکانداروں کو اپنی دکانات بند کرنے کے لیے مجبور کیا ۔ انہوں نے قلب شہر میں ڈاک بنگلہ چوراہا پر خانگی گاڑیوں اور آٹو رکشاؤں پر حملہ کر کے ونڈو اسکرینس ( شیشوں ) کو نقصان پہنچایا اور پولیس کی گشتی گاڑیوں پر حملہ کی کوشش کی ۔ تاہم پولیس نے چوکسی اختیار کرتے ہوئے علاقہ ڈاک بنگلہ میں اضافی جمعیت طلب کرلی اور احتجاجیوں پر لاٹھی چارج کر کے منتشر کردیا جن میں چند ایک احتجاجیوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔ پٹنہ کے سینئیر سپرنٹنڈنٹ پولیس مسٹر جتندر رانا نے بتایا کہ صورتحال پر پولیس فورس سخت نگرانی رکھی ہوئی ہے اور احتجاجی طلباء جب بھی بے قابو ہونے کی کوشش کرتے ہیں تو پولیس مداخلت کررہی ہے ۔ پٹنہ ایل ایس پی مسٹر پرکاش ناتھ مصرا نے بتایاکہ اے بی وی پی کے کارکنوں نے ریاست کے مختلف مقامات اورنگ آباد ، جہاں آباد ، بھوجپور اور گیا میں ٹرینوں کو روک دینے سے مسافرین کو مشکلات پیش آئیں ۔ انہوں نے بتایا کہ جہاں کہیں بھی ٹرینوں کو روکنے کا امکان تھا وہاں پر آج صبح سے ہی گورنمنٹ ریلوے پولیس کو متعین کردیا گیا لیکن اے بی وی پی کے حامیوں نے بعض مقامات پر کچھ دیر کے لیے ٹرینوں کو روک دیا ۔ تاہم ریلوے املاک کو نقصان نہیں پہنچایا گیا بعد ازاں ٹرین سرویس کو بحال کردیا گیا ۔ پٹنہ کو موصولہ اطلاعات کے مطابق بیگو سرائے ، بھاگلپور ، پورنیا ، مادھے پور ، گیا ، اورنگ آباد ، لکھی سرائے ، بھوجپور ، سمستی پور ، دربھنگہ ، مظفر پور اور دیگر اضلاع میں اے بی وی پی کارکنوں نے دکانات کو زبردستی بند کروائے اور موٹر گاڑیوں کو سڑکوں پر روک دیا ۔ تاہم پولیس نے احتجاجی کارکنوں کو حراست میں لینے کے بعد دکانات کو چند گھنٹوں کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا ۔ صورتحال معمول پر آئی تاہم آج CBSF کلاسیس 12 بورڈ ، ICSF کلاس 10 اور 12 بورڈ امتحانات میں شرکت کرنے والے طلباء کو مراکز امتحانات تک پہنچنے میں دشواریاں پیش آئیں ۔