اوپیندر کشواہا اور جیتن مانجھی کا پارٹی سے ربط ۔ آر جے ڈی
پٹنہ 29 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) راشٹریہ جنتادل کے سینئر لیڈر رگھو ونش پرساد سنگھ نے آج ادعا کیا کہ بہار میں برسر اقتدار این ڈی اے کے کچھ قائدین بی جے پی زیر قیادت اتحاد میں بے چینی محسوس کر رہے ہیں اور وہ لالو پرساد یادو کی جماعت سے اتحاد پر غور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے قائدین بشمول مرکزی وزیر اوپیندر کشواہا اور سابق چیف منسٹر جیتن رام مانجھی بھی ان میں شامل ہیں۔ سنگھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے تمام حلیف این ڈی اے میں بے چینی محسوس کر رہے ہیں۔ شیوسینا کا بھی یہی حال ہے ۔ بہار میں بھی اسی طرح کی صورتحال پیش آئیگی ۔ اوپیندر کشواہا اپنا الگ راستہ اخؒیار کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ جیتن رام مانجھی بھی راشٹریہ جنتادل کے سینئر قائدین سے بات چیت کر رہے ہیں۔ اب ان کا اپنے سیاسی رشتے بدلنا محض کچھ وقت کی بات ہے ۔ واضح رہے کہ بہار کے سابق اسپیکر و جنتادل یو کے باغی لیڈر اودئے نارائن چودھری نے رانچی کی جیل میں آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو سے ملاقات کی تھی ۔ مسٹر چودھری بھی حالیہ وقتوں میں نتیش کمار حکومت کی پالیسیوں پر تنقیدیں کرنے لگے ہیں ۔ انہوں نے حال ہی میں لالو پرساد یادو کی حمایت بھی کی تھی ۔