بہار میں اگریکلچر کالج اور سائنس سٹی عبدالکلام سے موسوم

ریاستی کابینہ کے اجلاس میں سابق صدر کو بھرپور خراج عقیدت
پٹنہ ۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مقبول عام صدر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی آخری رسومات کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حکومت بہار نے آج کشن گنج میں اگریکلچر کالج اور مجوزہ سائنس سٹی کو ان کے نام سے موسوم کردیا ہے۔ یہ فیصلہ چیف منسٹر نتیش کمار کی زیرصدارت ریاستی کابینہ کے مختصر اجلاس میں کیا گیا جس میں متفرق 36 تجاویز منظور کئے گئے ہیں۔ پرنسپل سکریٹری کوآرڈینیشن ڈپارٹمنٹ شیشر کمار سنہا نے بتایا کہ کابینہ نے اگریکلچر کالج کشن گنج کو ڈاکٹر عبدالکلام اگریکلچر کالج و دارالحکومت میں مجوزہ سائنس سٹی کو ڈاکٹر عبدالکلام سائنس سٹی سے موسوم کرنے کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے عبدالکلام کو عظیم شخصیت کی حیثیت سے یاد کیا جنہوں نے سائنس اور روحانیت کی تبلیغ کی تھی اور ایک معلم، سائنسدان اسکالر کی حیثیت سے عوام کے دلوں میں ہمیشہ رہیں گے۔ بہار کابینہ نے اپنے خراج عقیدت میں کہا کہ عبدالکلام کی ریاست سے وابستگی کو فراموش نہیں کیا جاسکتا جنہوں نے سال 2006ء میں بہار اسمبلی اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے ریاست کی ترقی کیلئے 10 نکاتی تجاویز پیش کئے تھے۔