بہار میں انکاؤنٹر کے خلاف ماوسٹوں کااحتجاجی بند

بیک وقت 32 گاڑیوں پر حملے۔ ایک سیل فون ٹاؤر تباہ
گیا (بہار)۔ 25 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) بھاری ہتھیاروں سے لیس ماوسٹوں نے دو روزہ بہار اور جھارکھنڈ بند کے پہلے دن آج ضلع گیا میں گرانڈ ٹرنک روڈ پر 32 گاڑیوں بشمول ٹیکرس اور کنٹینرس کو آگ لگادی۔ تاہم ان حملوں میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ یہ حملہ آج صبح کولکتہ ۔ نئی دہلی کو جوڑنے والی سڑک پر کئے گئے ۔ بعد ازاں ٹریفک کو بحال کردیا گیا ۔پٹنہ زونل انسپکٹر جنرل مسٹر کندن کرشنن نے بتایا کہ 50 ماویسٹوں کے گروپ نے بشویندر اور نراڈھی دیہاتوں کے قریب جی ٹی روڈ پر 32 گاڑیوں کو نذر آتش کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ جن گاڑیوں کو آگ لگادی گئی ہے ان میں ایل پی جی گیس سے بھرے ہنوز 4 ٹینکرس اور ایک ڈیزل ٹینکر شامل ہے۔ ماویسٹوں نے ڈرائیور کے کیبن کو آگ لگادی لیکن یہ آگ اصل ٹینک تک نہیں پھیل سکی ۔ علاوہ ازیں ماویسٹوں نے کاروں میں سوار افراد کو بحفاظت جانے کی اجازت دیدی۔ بعد ازاں گاڑیوں کو نذر آتش کردی۔ ماویسٹوں نے 16 مئی کو سی آر پی ایف کے ساتھ انکاؤنٹرس بہار۔ جھارکھنڈ ۔ چھتیس گڑھ اسپیشل ایریا کمیٹی ممبر سریناعرف ارمیلا گنجوئی ہلاکت کے خلاف دو روزہ بند کا اعلان کیا ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے بتایا کہ پولیس کی خصوصی ٹیمیں اور ایس ایس پی گیا اور ڈی آئی جی جائے وقوع پہنچ کر نقصان زدہ گاڑیوں کو سڑک سے ہٹادیا۔ دریں اثناء ایک اور واقعہ میں مسلح ماویسٹوں نے ضلع سارن کے پنا پور میں ایک سیل فون ٹاؤر کو بھی تباہ کردیا۔