پٹنہ ۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بہار میں طوفانی آندھی سے آج مزید 2 افراد فوت ہوگئے جبکہ ریاست کے 12 اضلاع میں منگل کی شب غیرموسمی بارش اور تیز رفتار ہواؤں میں 42 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ پرنسپل سکریٹری ڈیساسٹر مینجمنٹ مسٹر ویاس جی نے بتایا کہ ضلع پورنیا میں آج مزید 2 افراد فوت ہوئے۔ قبل ازیں اسی ضلع میں 32 افراد اور ضلع مادھے پور میں 7 افراد اور باقیماندہ افراد ریاست کے 10 اضلاع میں طوفانی آندھی سے فوت ہوئے تھے۔ نتیش کمار نے آج صبح متاثرہ اضلاع کا فضائی دورہ کیا اور بھاگلپور میں سرکاری عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ جو کل متاثرہ اضلاع کا دورہ کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ طوفانی ہواؤں میں 80 افراد شدید زخمی ہوئے اور مختلف دواخانوں میں زیرعلاج ہیں۔ ریاستی گورنر کیسری ناتھ ترپاٹھی نے سیماانچل اور کوشی ریجن میں انسانی جان و مال کی تباہی پر افسوس کا اظہار کیا۔