بہار میں آج آدھی رات سے جزوی شراب بندی کا نفاذ

پٹنہ ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جزوی شراب بندی پر بہار میں آج آدھی رات سے عمل آوری شروع ہوجائے گی۔ ریاستی حکومت نے اس سلسلہ میں اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ ریاستی کابینہ کی جزوی امتناع کو منظوری حاصل ہوچکی ہے چنانچہ اس کے نفاذ کیلئے اعلامیہ جاری کیا جاچکا ہے۔ امتناع میں دیسی ساختہ اور مسالہ دار شراب بھی شامل ہوگی۔ ریاستی حکومت کے سینئر عہدیدار کنور جنگ بہادر نے کہا کہ شہری علاقوں میں دیسی ساختہ شراب پر ریاست گیر سطح پر امتناع عائد کرنے کا اعلامیہ جاری کیا جاچکا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہیکہ کوئی بھی شخص جو شراب سازی، اس کی تجارت، اس کی منتقلی، فروخت اور استعمال میں ملوث ہوگا اسے بہار اکسائز (ترمیمی) قانون 2016ء کی سخت دفعات کے تحت سزاء دی جائے گی۔ اس قانون کو بہار مقننہ کے دونوں ایوانوں کی منظوری حاصل ہوچکی ہے۔ قانون کی سخت دفعات کے تحت اعظم ترین سزاء سزائے موت بھی دی جاسکتی ہے۔ اگر کوئی غیرقانونی طور پر زہریلی شراب تیار اور فروخت کرے جس کے نتیجہ میں موت واقع ہو۔