عبدالعلیم کا دو ہزار نئے برانڈ ملبوسات کا عطیہ ، جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست سے ملاقات
حیدرآباد۔7ستمبر(سیاست نیوز) ادارہ سیاست کی کسی بھی تحریک کو سیاست کے قارئین کا ہمیشہ تعاون حاصل رہا ہے بالخصوص آفات سماوی سے متاثرہ افراد کی مدد کے لئے ہویا پھر فسادزدہ لوگوں کی بازآبادکاری کا مسئلہ ہو ادارہ سیاست کی اپیل پر قارئین اور شہریان حیدرآباد نے دل کھول کر امداد کی اور اپنی فراغ دلی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ ایسے ہی شہر حیدرآباد کے علاقہ زمستان پور‘ مشیرآباد کے ساکن محمد عبدالعلیم (للا بھائی) تاجر اسکراپ ولد جناب محمد عبدالعزیزنے ادارہ سیاست کی جانب سے بہار کے سیلاب زدگان کی امداد کے لئے شروع کی گئی تحریک میں دو ہزار نئے برانڈملبوسات بطور امداد دی۔ مدیر اعلی سیاست جناب زاہد علی خان سے ملاقات کے بعد عبدالعلیم نے بتایاکہ وہ ادارہ سیاست کی فلاحی تحریکات اور مدیر اعلی جناب زاہدعلی خان کی ملی خدمت کے جذبے سے بے حد متاثر ہوئے ہیں۔ عبدالعلیم نے مزیدکہاکہ شہریان حیدرآباد کی فراخ دلی ساری دنیامیںمشہور ہے اور اس شہرت کا سہرہ ادارہ سیاست اور مدیر اعلی جناب زاہد علی خان کے سرجاتا ہے جن کی کاوشوں کے نتیجے میں شہریان حیدرآباد کی فراخ دلی کے چرچے ساری دنیا میںہورہے ہیں۔عبدالعلیم نے کہاکہ وہ صاف ستھرے اور برانڈڈملبوسات کی امداد کے ذریعہ بہار سیلاب زدگان کی مدد کرنے کے خواہاں تھے مگر کوئی صورت انہیںنہیں دیکھائی دے رہی تھی ایسے میںادارہ سیاست کی جانب سے بہار سیلاب زدگان کے لئے امداد کی اپیل نے ہماری خواہش کو ایک راستہ دیکھایا۔ عبدالعلیم کی جانب سے دی گئی امداد میں دوہزار برانڈڈملبوسات جس میںتمام عمر کے مرد وخواتین کے ملبوسات شامل ہیں۔ عبدالعلیم نے دیگر شہریان حیدرآباد سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ صاف ستھرے اور استری کئے ہوئے ملبوسات بطور امداد دیں تاکہ متاثرین میں ان ملبوسات کی آسانی کے ساتھ تقسیم عمل میںآسکے۔