بہار قانون ساز کونسل کے نائب صدر نشین کو جرمانہ

پٹنہ 2 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے جنتادل یو کے ایم ایل سی و بہار قانون ساز کونسل کے نائب صدر نشین سلیم پرویز کے علاوہ محروس رکن پارلیمنٹ محمد شہاب الدین کے خلاف بیرونی زر مبادلہ قانون ( فیما ) کی خلاف ورزیوں پر فی کس 13.62 لاکھ روپئے جرمانہ عائد کیا ہے ۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے ذرائع نے کہا کہ دونوں نے بیرونی زر مبادلہ میں غیر مجاز معاملت کی تھی اور ان کے قبضے میں بیرونی کرنسی بھی تھی اسی لئے متعلقہ قوانین کے تحت ان کے خلاف جرمانے عائد کئے گئے ۔ ذرائع نے کہا کہ 2005کے ایک کیس کا فیصلہ سنائے جاتے وقت یہ دونوں قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ۔ پولیس نے اس وقت دھاوا کرتے ہوئے شہاب الدین کے گھر سے 7,600 ڈالرس ‘ 10,540 درہم اور 800 سعودی ریال بھی ضبط کرنے کے احکام جاری کئے تھے ۔