بہار :تعزیہ جلوس کے واقعات میں 2 افراد زخمی

نوادہ۔3 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے ضلع نوادہ میں تعزیہ جلوس کے دوران مختلف واقعات میں دو افراد زخمی ہوگئے ۔پولیس کے ذرائع نے آج یہاں کہا کہ ضلع کے سٹی تھانہ علاقے میں تعزیہ جلوس میں شامل ہونے کے بعد واپس آنے والا نوجوان محمد عثمان بم دھماکے میں زخمی ہوگیا۔ تعزیہ جلوس کے اختتام کے بعد نوجوان عثمان جب پرسادبگہا گاؤں کے قریب سے گزر رہا تھا،اسی وقت تو بم دھماکہ ہوگیا، مقامی لوگوں کی مدد سے نوجوان کو فوری طور پر مقامی ہسپتال میں داخل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے ۔وہیں اکبر پور تھانہ علاقے میں تعزیہ جلوس میں فنی مظاہرے کے دوران چنگاری کے ایک پنڈال پر گرنے کی وجہ سے ، کچھ وقت کے لئے افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیاتھا۔ تاہم،موقع پر موجود لوگوں کی مستعدی سے آگ پر فوری طور پر کنٹرول کیا گیا اور ایک بڑا حادثہ ٹل گیا ۔ تاہم اس معاملے میں دونوں فریق ایک دوسرے سے الجھ گئے اور ایک دوسرے پرپتھر پھینکا۔ اس واقعے میں نوجوانوں کے جوان محمد جنید زخمی ہوگیا۔

احتجاجاً ریل روکنے کی کوشش ،این سی پی رکن اسمبلی کی سعی ناکام
ممبئی۔ 3 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) این سی پی رکن اسمبلی جیتندر اہواد اور ان کے حامیوں کی پڑوسی ضلع تھانے کے سب اربن کالوا اسٹیشن میں آج صبح کی مصروف اوقات کے دوران ریل روکنے کی کوشش ریلوے سکیورٹی عملہ نے ناکام بنادی۔ انہوں نے یہ احتجاجی کوشش گزشتہ جمعہ کو الفنسٹون روڈ اسٹیشن کے فٹ اوور برج پر پیش آئے بھگدڑ میں کم از کم 23 مسافرین کی ہلاکت کے تناظر میں کی ہے، کیونکہ ان کی دانست میں ریلوے حکام کا سب اربن مسافرین کے تئیں لاپرواہی کا رویہ دیکھنے میں آیا ہے۔ جیتندر نے جمعہ کے سانحہ کے بعد ایجی ٹیشن کی اپیل کی تھی اور کہا تھا کہ وہ زبردست احتجاج کو یقینی بنائیں گے۔