نئی دہلی 8 جون (سیاست ڈاٹ کام ) بہار میں نتیش کمار جنتادل (یو ) آر جے ڈی اتحاد کے چیف منسٹر امیدوار ہوں گے ۔ سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو نے آج یہ اعلان کیا ۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں مجوزہ اسمبلی انتخابات کے دوران بی جے پی سے مقابلہ کیلئے دونوں جماعتوں کے مابین اتحاد میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ دور ہوگئی ۔ ملائم سنگھ یادو نے کہا کہ وہ لالو پرساد اور نتیش کمار کے اتحاد پر بہت خوش ہیں ۔ نتیش کمار بہار میں چیف منسٹر امیدوار ہوں گے ۔ لالوجی نے چیف منسٹر عہد ہ کے لئے نتیش کمار کے نام کی تجویز پیش کی ہے ۔ لالو جی نے کہا کہ وہ انتخابی مہم چلائیں گے ۔ انہو ںنے کہا کہ کوئی اختلافات نہیں ہیں اور ہم اختلافات کو ابھرنے کا کوئی موقع نہیں دیں گے ۔ ملائم سنگھ یادو نے کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں کو جڑسے اکھاڑ پھینکنے کیلئے ہم متحد ہوکر لڑرہے ہیں ۔ ایک دن قبل دونوں جماعتوں نے اسمبلی انتخابات میں متحدہ طور پر مقابلہ کرنے سے اتفاق کیا تھا ۔ ملائم سنگھ یادو نے آج پریس کانفرنس میں تمام تفصیلات کا انکشاف کیا جس میں آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو اور جنتادل (یو )صدر شرد یادو بھی موجود تھے ۔ چیف منسٹر کے عہدہ پر اپنی خاموشی کو ختم کرتے ہوئے لالو پرساد یادو نے کہا کہ وہ خود انتخابات میں مقابلہ نہیں کرسکتے اور ان کے خاندان یا پارٹی میں کوئی دوسرا چیف منسٹر کا دعویدار نہیں ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ نتیش کمار اور ان کے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں ۔ انہوں نے قبل ازیں کئے گئے تبصرہ کو بھی نمایاں اہمیت نہیں دی کہ نتیش کمار کو چیف منسٹر امیدوار کی حیثیت سے پیش کرنے پر ان کی پارٹی میں بعض قائدین بے چینی محسوس کررہے ہیں۔ جنتادل (یو ) اور آر جے ڈی ایک دوسرے کے کٹر حریف رہ چکے ہیں اور ان دونوں میں اتحاد جنتاپریوار کے لئے ایک اہم مسئلہ دکھائی دے رہا تھا ۔ گذشتہ سال لوک سبھا انتخابات میں انہی اختلافات کی وجہ سے بی جے پی کو بہار کی 40 لوک سبھا نشستوں پر کامیابی ملی تھی ۔ نتیش کمار کو بحیثیت چیف منسٹر قبول کرنے کیلئے لالو پرساد کو مجبور ہونا پڑا ہے کیونکہ انہوں نے کہا ’’میں ہر طرح کا زہر کھانے کیلئے تیار ہوں ‘‘ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم فرقہ پرستی کے اس زہریلے سانپ (کوبرا) کو کچل دیں گے ۔ ہم متحدہوکر اسے تباہ کردیں گیاور بہار سے بی جے پی کا صفایا کیا جائے گا ۔ جنتادل (یو ) کے ساتھ اتحاد نہ کرنے پر بی جے پی کی ان پر امکانی تنقیدوں کے بارے میں پوچھے جانے پر لالو پر ساد یادو نے کہا کہ سیاست میں ان کی شناخت فرقہ پرست طاقتوں کو کچلنے سے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیکولرزم کے خاطر وہ ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔