بہارعصمت ریزی پر مودی اور نتیش پر راہول کی تنقید

بی جے پی حکومتوں نے دلتوں کیلئے خوف کا ماحول پیدا کیا : راہول ‘ 9اگست کو دلتوں کا بند
نئی دہلی ۔ 29جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر بہار نتیش کمار کو لڑکیوں اور خواتین کی ایک پناہ گاہ میں عصمت ریزی کے واقعات کے سلسلہ میں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسے شخص کی کہانی ہے جو گائیوں کے زندہ رہنے کو اپنی حکمرانی کے دوران یقینی بناتا ہے لیکن جو خواتین اور لڑکیوں کی عزت کی حفاظت نہیں کرسکتا ۔ کانگریس قائد نے ایک عصمت ریزی کی خبر بھی شائع کی ۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار کو بھی اکثر ’’سشاسن بابو‘‘ (اچھاحکمراں ) کہا جاتاہے ۔ کانگریس اور مختلف اپوزیشن پارٹیوں نے صرف مودی کو جھوٹے تیقنات دینے اور ان کی کبھی تکمیل نہ کرنے والا قرار دیا ۔دریں اثناء راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی زیراقتدار ریاستوں جیسے اترپردیش میں دلتوں اور اقلیتوں کیلئے خوف کا ماحول پیدا کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس کیلئے متاثرین تک جو سوچھے سمجھے بغیر تشدد کا نشانہ بنائے جاتے ہیں رسائی حاصل کرنا ضروری ہوگیا ہے ۔ کیونکہ موجودہ حکومتیں تو مقامی غنڈوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے اور ان کی کارستانیوں کا دفاع کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عظیم تر عوامی مفاد میں یہ ضروری ہے کہ اس حکومت کے خلاف محاسبہ کی مہم چلائی جائے ۔ دریں اثناء بی جے پی نے دلتوں کے 9 اگست کو مجوزہ بند کے سلسلہ میں محتاط رویہ اختیار کیا ہے ۔ کیونکہ بی جے پی زیراقتدار ریاستوں نے عنقریب انتخابات ہونے والے ہیں ۔ کئی دلت ارکان پارلیمنٹ اور ان کے حلیفوں بشمول مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان چاہتے ہیں کہ دلتوں کے مطالبات کے سلسلہ میں مثبت رویہ اختیار کیا جائے ۔ تاہم حکومت نے اپنے ارکان کو ہدایت دی ہے کہ اس سلسلہ میں محتاط رویہ اختیار کیا جائے ۔