بہادر پورہ میں ٹی آر ایس کی رکنیت سازی مہم

حیدرآباد ۔ 16 ۔ فروری : ( راست ) : تلنگانہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور بھلائی کے لیے جو وعدے انتخابات سے قبل کے تھے ان وعدوں پر عمل آوری کرتے ہوئے سینکڑوں اقلیتوں کو فائدہ پہنچایا گیا ۔ ان خیالات کا اظہار گریٹر حیدرآباد ٹی آر ایس کنوینر مسٹر ہنمنت راؤ نے حلقہ اسمبلی بہادر پورہ کشن باغ پر بابا فنکشن ہال پر منعقدہ ٹی آر ایس رکنیت سازی مہم کا افتتاح انجام دیتے ہوئے کیا ۔ اس تقریب میں اعظم علی خرم ، سنگی ریڈی سرینواس ریڈی سابقہ کارپوریٹر کے علاوہ رحیم اللہ خاں نیازی اور دیگر قائدین نے شرکت کی ۔ مذکورہ تقریب کا اہتمام اسٹرینگ کمیٹی ٹی آر ایس رکن و انچارج حلقہ اسمبلی بہادر پورہ مسٹر ایس اے قیصر کی جانب سے کیا گیا ۔ مسٹر ہنمنت راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کے تمام 10 اضلاع کے علاوہ دونوں شہروں میں رکنیت سازی مہم میں ابھی تک تقریبا 48 لاکھ سے زائد نام درج ہوچکے ہیں اور امید ہے کہ مزید افراد رکنیت سازی مہم میں حصہ لیں گے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ وہ بحیثیت کنوینر گریٹر حیدرآباد اس بات کو محسوس کیا کہ تلنگانہ عوام کو ٹی آر ایس پر مکمل بھروسہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ بلا لحاظ مذہب و ملت عوام جوق در جوق ٹی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں ۔ اس موقع پر غفار خان ، محمد اقبال ، غوث ، سید معین ، زاہد ، ضمیر ، سہیل خاں ، فرحت سلطانہ ، ماجد ، محسن ، جے سری اور ڈاکٹر ویملا بھی موجود تھے ۔۔