صدرنشین محمد سلیم کی دلچسپی سے ایف آئی آر درج، عنقریب غیر مجاز قبضہ کی برخواستگی
حیدرآباد ۔ 20۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ نے نہرو زوالوجیکل پارک بہادر پورہ کے قریب واقع مسلم قبرستان پر ناجائز قبضوں کے خلاف پولیس میں شکایت درج کی ہے ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے بتایا کہ نہرو زوالوجیکل پارک کے قریب واقع قبرستان کی 10873 مربع گز اراضی نوٹیفائیڈ وقف پراپرٹی ہے اور اے پی گزٹ مورخہ 9 فروری 1989 ء کے صفحہ 62 پر اس کا تذکرہ موجود ہے۔ وقف بورڈ کو شکایت موصول ہوئی کہ بعض افراد قبرستان کی کمپاؤنڈ وال منہدم کرتے ہوئے ناجائز قبضے کی تیاری کرچکے ہیں۔ وہاں غیر قانونی طور پر نرسری چلایا جارہا ہے ۔ وقف بورڈ کی جانب سے سابق میں کی گئی شکایتوں پر پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی تھی جس پر دوبارہ ایف آئی آر درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ انسپکٹر آڈیٹر وقف کے ذریعہ پولیس میں یہ شکایت درج کی گئی ہے ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ بہت جلد پولیس کی مدد سے نرسری کو برخواست کردیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وقف اراضی تاقیامت وقف ہوتی ہے اور اس کی حیثیت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ محمد سلیم نے کہا کہ پولیس نے اس معاملہ میں تعاون کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ تلنگانہ کے کسی بھی علاقہ میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں سنجیدہ ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جہاں کہیں بھی غیر مجاز قبضوں کے واقعات پیش آئیں ، اس کی اطلاع فوری وقف بورڈ کو دی جائے تاکہ قابضین کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ بہادر پورہ قبرستان کے بارے میں تمام دستاویزات وقف بورڈ کے پاس موجود ہیں ۔ ضرورت پڑنے پر آرکائیوز سے ریکارڈ حاصل کیا جاسکتا ہے ۔