بہادری کے انعامات کیلئے اب دو گنارقم

اشوک چکر حاصل کرنے والے کو اب 6 کے بجائے 12 ہزار روپئے
نئی دہلی، 6 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے بہادری کے لئے دئے جانے والی رقم کو بڑھا کر دو گنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور جنگ کے زمانے میں شجاعت کے لئے اعلی ترین ایوارڈ پرم ویر چکر پانے والے کو اب دس ہزار کے بجائے بیس ہزار روپے کی رقم دی جائے گی۔وزارت دفاع کی طرف سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق اضافہ شدہ رقم گذشتہ یکم اگست سے تمام انعام یافتگان کو دی جائے گی خواہ ان کا رینک کچھ بھی ہو۔ ان انعام یافتگان کو یہ رقم ہر ماہ دی جاتی ہے ۔ یہ رقم شہید انعام یافتہ کی بیوہ کو اور غیر شاد ی شدہ انعام یافتہ کے والدین کو دی جاتی ہے ۔امن کے زمانے میں دئے جانے والے بہادری کے اعلی ترین ایوارڈ اشوک چکر حاصل کرنے والے کو اب 6 کے بجائے 12,000 روپے کی رقم دی جائے گی۔اس طرح مہاویر چکر حاصل کرنے والے کو بالترتیب دس ہزار اور نو ہزار روپے کی رقم دی جائے گی۔ ویر چکر حاصل کرنے والے کو سات ہزار روپے اور شوریہ چکر حاصل کرنے والے کو چھ ہزار روپے کی رقم ملے گی۔ آرمی میڈل، نیوی میڈل اور فضائیہ میڈل حاصل کرنے والوں کو ہر ماہ دو ہزار روپے کی رقم دی جائے گی۔ بہادری کے لئے دئے جانے والے انعامات کی رقم میں اس سے پہلے سال2012میں اضافہ کیا گیا تھا۔