نئی دہلی ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام)سوشلسٹ پارٹی نے صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند سے پہلے مجاہد آزادی اور مغل شہنشاہ بہادرشاہ ظفرکی باقیات ینگون سے واپس لانے کا مطالبہ کیاہے ۔پارٹی نے 10مئی کو 1857ء کے انقلاب کے 161سال مکمل ہونے کے موقع پر مسٹر کووند سے یہ مطالبہ کیاہے ۔صدرپارٹی ڈاکٹرپریم سنگھ نے آج یہاں جاری اعلان میں کہاکہ سوشلسٹ پارٹی ،پہلی جنگ آزادی کے عظیم لیڈر ، سکیولر حکمراں اور معروف شاعر بہادرشاہ ظفرکی باقیات واپس لانے کا مطالبہ اس وقت کے صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی سے 2013میں کرچکی ہے ۔پارٹی نے اس سلسلہ میں مسٹرکھرجی کو ایک میمورینڈم دیاتھا۔سوشلسٹ پارٹی کے سینئر رکن جسٹس راجیندر سچر نے صدرجمہوریہ سے ملاقات کرکے درخواست کی تھی کہ وہ بہادرشاہ ظفر کی باقیات وطن واپس لانے کیلئے حکومت سے کہیں ۔گزشتہ سال ،پہلی جنگ آزادی کے 160سال مکمل ہونے پر بھی سنگھ نے ایک بار پھرصدر جمہوریہ کو میمورینڈم بھیج کر اپیل کی کہ وہ اپنے دفتر کے آخری دنوں میں بہادر شاہ ظفر کی باقیات واپس لانے کا کام ضرورکریں ۔