تھانے ۔ 2 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بھیونڈی کے علاقہ پدمانگر میں شہری انتظامیہ کی جانب سے ایک خیر مقدمی کمان سے مذہبی شخصیتوں کے قابل اعتراض تصاویر ہٹا دینے کے خلاف راستہ روکو احتجاج کرنے پر تقریبا 200 افراد کے خلاف کیس درج کرلیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ کل اس وقت پیش آیا جب پدماشالی کمیونٹی کے ارکان نے بعض مذہبی مورتیوں اور شخصیتوں کی تصاویر ہٹا دینے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ چونکہ مجالس مقامی کے انتخابات کے پیش نظر انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے ۔ لہذا پدمانگر کے کارپوریٹر مرلی مچھاکو بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن نے یہ مشروط اجازت دی تھی کہ عارضی طور پر خیر مقدمی کمان نصب کی جائے لیکن کوئی مذہبی پیام یا تصویر آویزاں نہ کیا جائے ۔ تاہم کارپوریٹر نے شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مذہبی پیام کے ساتھ بعض تصاویر آویزاں کیے تھے تاہم بعض افراد کی نشاندہی پر انہیں ہٹا دیا گیا ۔ جس کے بعد تقریبا 200 افراد نے پولیس کارروائی کے خلاف راستہ روکو احتجاج کیا اور سڑکوں پر ٹائیر جلادئیے گئے ۔ اگرچیکہ احتجاجیوں کے خلاف کیس درج کرلیا گیا لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے تاہم بعض افراد کی نشاندہی کرلی گئی ہے ۔۔