نئی دہلی ۔27 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر کامرس نرملا سیتارامن نے کہا ہے کہ حکومت اُترپردیش اس ریاست میں صرف غیرقانونی مسالخ کیخلاف کارروائی کریگی ۔ انھوں نے کہاکہ بھینس کے گوشت کی برآمداتی میں گزشتہ سال محض عالمی اسباب کے نتیجہ میں کمی ہوئی تھی ۔ نرملا سیتارامن نے لوک سبھا میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ’’اُترپردیش میں صرف غیرقانونی مسالخ کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے ۔ ہم کوئی چیز غیرقانونی نہیں چاہتے ۔ چیف منسٹر ( یوگی آدتیہ ناتھ ) بھی کہہ چکے ہیں کہ صرف غیرقانونی مسالخ کے خلاف ہی کارروائی کی جائے گی ‘‘ ۔ نرملا سیتارامن نے کہاکہ 2014-15 ء کے مقابلے 2015-16 ء کے دوران بھینس کے گوشت کی برآمدات میں کمی کی مختلف عالمی وجوہات ہیں۔ سیتارامن نے کہاکہ چین کئی ہندوستانی اشیاء کو جن میں بھینس کا گوشت بھی شامل ہے اپنے مارکٹ میں رسائی کی اجازت نہیں دے رہا ہے ۔ نرملا سیتارامن کے بیان کے دوران اسپیکر سمترا مہاجن نے ازراہ مذاق برجستہ کہا کہ ’’صرف بھینسوں کو ہی ذبح مت کیجئے ‘‘ ۔ جس پر ایوان میں زوردار قہقہہ بلند ہوا اور کارروائی زعفران زار ہوگئی ۔