نئی دہلی، 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے نکسلیوں سے مبینہ رابطے کے معاملے میں پانچ انسانی حقوق کے کارکنوں کی نظربندی کو بدھ تک کے لئے بڑھا دیا ہے ۔چیف جسٹس دیپک مشرا، جسٹس اے ایم کھانولکر اور جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی بینچ نے جمعرات کو معاملے کی سماعت کے دوران مہاراشٹر پولیس کی سخت سرزنش کی ۔جج نے معاملے کی سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کردی اور کہا کہ اس وقت تک ملزمان کی حراست جاری رہے گی۔جسٹس چندرچوڑ نے کہا کہ پولیس نے یہ کیسے کہہ دیا کہ اس معاملے میں عدالت کو دخل نہیں دینا چاھے ۔انھوں نے سرکاری وکیل سے کہا، ” پولیس کو احتیاط برتنی چاہئے ۔ ہم اس معاملے میں انتہائی سنجیدہ ہیں۔”سماعت کے دوران کانگریسی لیڈر اور سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے معاملے کی جانچ ایس آئی ٹی سے کرانے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بھیما کورے گاوں معاملے کی جانچ کے لئے ایس آئی ٹی کی تشکیل ہونی چاہئے ۔ دوسری طرف حکومت کی طرف سے پیش ہونے والے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل تشار مہتہ نے کہا کہ قانون کو اپنا کام کرنے دینا چاہئے ۔