بھگدڑ سانحہ : سب اربن اسٹیشنوں کی آڈٹ شروع ممبئی اور اطراف و اکناف ٹرین اسٹیشنوں کا احاطہ

ممبئی۔ 3 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ریلوے نظم و نسق نے ایلفنسٹون روڈ اسٹیشن میں بھگدڑ کے سانحہ میں 23 جانیں تلف ہوجانے کے چار روز بعد آج ممبئی کے اطراف و اکناف کے تمام سب اربن ٹرین اسٹیشنوں کی کئی پہلوؤں سے جانچ شروع کردی ہے۔ سینئر عہدیداروں کے مطابق سنٹرل ریلوے نے اس کام کیلئے آٹھ ٹیمیں تشکیل دی ہیں، ویسٹرن ریلوے نے پانچ ٹیمیں بنائی ہیں۔ انہوں نے پانچ میونسپل کارپوریشنوں بشمول بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے نمائندوں کو شامل کیا ہے۔ یہ آڈٹ جس کا اعلان وزیر ریلوے پیوش گوئل نے سانحہ کے روز کیا تھا، زائد از 110 سب اربن اسٹیشنوں کا احاطہ کرے گا۔ دریں اثناء ویسٹرن ریلوے نے بھی آج اس بھگدڑ کا سبب بننے والے حالات کی انکوائری شروع کردی ۔ 29 ستمبر کو ریلوے فٹ اوور بریج میں بھگدڑ کے چند گھنٹوں بعد گوئل نے سب اربن ٹرین نیٹ ورک پر تمام فٹ اوور بریجس کی آڈٹ کرانے کا اعلان کیا تھا ، جس میں خصوصیت سے حفاظت و سلامتی اور بریجس پر پڑنے والے وزن کی جانچ کا احاطہ کرنے کا کام سونپا گیا ہے ۔ انہوں نے ویسٹرن ریلوے کے چیف سیفٹی آفیسر کے ذریعہ انکوائری کا حکم بھی جاری کیا تھا۔

 

ریلوے کے ای ٹکٹوں کو مارچ 2018 تک سرویس چارج سے استثنیٰ
نئی دہلی ۔ 3 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام) ریل مسافرین آن لائین بکنگ کے ذریعہ خریدے گئے ٹکٹوں پر مارچ 2018 ء تک سرویس چارج استثنیٰ سے استفادہ کرسکیںگے ۔ حکومت نے گزشتہ سال نوٹ بندی کے بعد ڈیجیٹل بکنگ کی حوصلہ افزائی کیلئے سرویس چارج کو برخاست کردیا تھا۔