بھٹکل کی رہائی کیلئے کجریوال کے اغوا کا منصوبہ: پولیس

نئی دہلی 19 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ممنوعہ تنظیم انڈین مجاہدین اپنے اہم رکن یسین بھٹکل کی رہائی کیلئے چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کو اغوا کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے ۔ پولیس ذرائع نے آج یہ ادعا کیا ہے ۔ پولیس کے اعلی ذرائع نے بتایا کہ دہلی پولیس کی سکیوریٹی ونگ کی ایک ٹیم نے مسٹر کجریوال سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں اس خطرہ سے واقف کروایا ہے اور ان سے درخواست کی ہے کہ وہ z زمرہ کی سکیوریٹی حاصل کرلیں۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ اس سلسلہ میں چیف منسٹر دہلی کا رد عمل کیا تھا ۔ سینئر پولیس عہدیداروں نے کہا کہ انہیں انٹلی جنس ایجنسیوں سے اس سلسلہ میں اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس کے بعد کجریوال کو اس سے واقف کروا دیا گیا ہے ۔

اروند کجریوال چیف منسٹر دہلی کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد بھی عام آدمی پارٹی کی جانب سے سیاست میں وی آئی پی کلچر کو ختم کرنے کی پالیسی کے تحت کسی بھی قسم کی سکیوریٹی حاصل کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔ انڈین مجاہدین کے بانیوں میں شامل یسین بھٹکل کو گذشتہ سال 27 اگسٹ کو ہند ۔ نیپال سرحد سے گرفتار کیا گیا تھا ۔ اس دوران اروند کجریوال نے ہنوز سکیوریٹی حاصل کرنے سے انکار کردیا ہے اور کہا کہ انہیں اپنی زندگی کا کوئی خوف نہیں ہے ۔ وہ خدا پر یقین رکھتے ہیں۔ وہ کوئی سکیوریٹی حاصل نہیں کرینگے ۔

اس دوران انہوں نے مسلسل ٹوئیٹر پر تبصروں میں دہلی پولیس پر اطلاعات کے افشا کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی پولیس نے ان سے دھمکی سے واقف کرواتے ہوئے خواہش کی تھی کہ وہ میڈیا کو اس کی اطلاع نہ دیں اور خود پولیس نے یہ اطلاع میڈیا کو دیدی ۔ انہوں نے سوال کیا کہ آیا دہلی پولیس اور مرکزی حکومت ان کی سکیوریٹی کے تعلق سے سیاست کر رہی ہے ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے اس اطلاع کے افشا کے ذریعہ ان کیلئے اندیشے پیدا کردئے ہیں۔ اب کوئی بھی مجھے نشانہ بنا سکتا ہے اور کہہ سکتا ہے کہ بھٹکل کے آدمیوں نے ایسا کیا ہے ۔ انہوں نے دہلی پولیس سے کہا کہ وہ سیاست کرنا بند کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بجائے عام آدمی کی سکیوریٹی پرتوجہ دی جانی چاہئے ۔