بھوگی کی آگ میں تلنگانہ مسودہ بل نذرآتش

حیدرآباد۔13جنوری ( سیاست نیوز) ریاستی قانون ساز اسمبلی و کونسل میں تلنگانہ مسودہ بل ( آندھراپردیش کی تنظیم جدید مسودہ بل 2013) پر جاری مباحث کے خلاف سیما آندھرا علاقوں کے مختلف مقامات پر آج آندھراپردیش نان گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن ‘ اے پی این جی اوز اسوسی ایشن سے وابستہ ملازمین و قائدین نے تلنگانہ مسودہ بل کی کاپیوں کو نذرآتش کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھراپردیش نان گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن نے بھوگی کے موقع پر جلائی جانے والی آگ میں تلنگانہ مسودہ بل کی کاپیوں کو بھی جلانے کی سیما آندھرا قائدین و ملازمین سے اپیل کی تھی اور اس اپیل کی روشنی میں ہی بتایا جاتا ہے کہ ضلع کرشنا کے ہنومان جنکشن کے پاس بھوگی کی آگ میں تلنگانہ مسودہ بل کی کاپیوں کو جلایا گیا اور تلنگانہ مسودہ بل کی کاپیوں کو نذرآتش کرنے کیلئے منظم کردہ پروگرام میں رکن اسمبلی مسٹر بالا وردھن راؤ کے علاوہ آندھراپردیش نان گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن کے قائدین وغیرہ کی کثیر تعداد نے حصہ لیا ۔

علاوہ ازیں بتایا جاتا ہے کہ وجئے واڑہ میں محکمہ آبپاشی آفس کے روبرو بھی اے پی این جی اوز قائدین و کارکنوں کے ایک بڑے گروپ نے تلنگانہ مسودہ بل کی کاپیوں کو نذرآتش کیا ۔ پرکاشم ضلع ( اونگول) میں خود آندھراپردیش نان گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن صدر مسٹر اشوک بابو کی قیادت میں اے پی این جی اوز اسوسی ایشن قائدین نے تلنگانہ مسودہ بل کی کاپیوں کو نذرآتش کیا ۔ اس کے علاوہ سیما آندھرا کے مختلف مقامات پر بھی تلنگانہ مسودہ بل پر ریاستی قانون ساز اسمبلی میں جاری مباحث کے خلاف سخت احتجاج کیا اور اپنی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تلنگانہ مسودہ بل کی کاپیوں کو نذرآتش کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔