احمد آباد 27 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) اپنی بھوک ہڑتال کے تیسرے دن پاٹیدار لیڈر ہاردک پٹیل نے کہا کہ وہ اپنی برادری کیلئے تحفظات کے مطالبہ کی تکمیل تک بھوک ہڑتال جاری رکھیں گے ۔ ان کے مطالبات میں گجرات کے کسانوں کیلئے قرض معافی بھی شامل ہے ۔ پاٹیدار کوٹہ لیڈر کو مختلف گوشوں سے ان کے احتجاج پر تائید بھی مل رہی ہے ۔ انہوںنے بی جے پی حکومت پر تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ گجرات میں جو صورتحال پیدا ہور ہی ہے وہ انگریزی سامراج سے بھی بدتر ہے ۔ کانگریس کے 28 ارکان اسمبلی کے علاوہ مہاراشٹرا قانون ساز کونسل کے رکن کپل پاٹل نے بھی ہاردک سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی جہاں وہ غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کر رہے ہیں۔ ان تمام ہاردک کی تائید کی ہے ۔ پاٹل لوک تانترک جنتادل کے لیڈر ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہاردک نے ادعا کیا کہ ان کے حامیوں کی کثیر تعداد کو پولیس ان کی قیامگاہ تک پہونچنے سے روک رہی ہے ۔