بھوکوں کو کھانا کھلانے امریکی مسلمانوں کی مہم

شمالی کیرولینا ۔ 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چیاپل ہل میں ایک ماہ قبل امریکی مسلمان طلباء کے قتل کے دلدوز واقعہ کے بعد مسلمانوں نے سنت رسول ؐ پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ملک بھر میں ’’بھوکوں کو کھانا کھلانے‘‘ کی مہم ’’فیڈڈیئر لیگیسی‘‘ کا آغاز کیا جس کے تحت ٹین کے ڈبوں میں بند غذائیں غریبوں اور بھوکوں میں تقسیم کی جائے گی۔ اس مہم میں درجنوں مساجد اور سینکڑوں مسلمانوں نے حصہ لیا۔ دریں اثناء مہم کے قومی کوآرڈینیٹر ایک پریس ریلیز میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ہم جہاں تین نوجوان غیرمعمولی امریکی مسلمانوں کے قتل کا سوگ منا رہے ہیں وہیں قرآن حکیم کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے جہاں یہ کہا گیا ہیکہ بدی کا جواب نیکی سے دیا جائے۔ کوآرڈینیٹر طارق المسیدی نے کہا کہ دولت اسلامیہ جیسے انتہاء پسند آج کل ہر روز اخبارات کی شہ سرخیوں میں ہیں وہیں امریکہ کو بھی یہ سوچنا چاہئے کہ دیا، ۔یاسر اور رضا ایسے لوگ تھے جو حقیقی معنوں میں امریکہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ تقریباً دو ہفتوں کی کڑی محنت کے بعد 230 مساجد، مسلم اسٹوڈنٹ اسوسی ایشنس، اسکولس اورچرچس نے بھوکوں کو ٹین کے ڈبوں میں بند کھانا کھلانے کیلئے رجسٹریشن کروایا ہے جہاں وہ بطور میزبان اپنی خدمات پیش کریں گے۔ ویب سائیٹ کی لانچنگ کے صرف دو ہفتوں کے اندر 60,000 کیانس جمع ہوگئے جو شمالی کیرولینا کی پوری بے گھر آبادی کے لئے پانچ وقت کے کھانے کی ضرورت کی تکمیل کردے گی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ایک بار پھر ضروری ہیکہ ایک ماہ قبل 23 سالہ دیا شادی برکت، اس کی اہلیہ 21 سالہ یاسر محمد ابو صلحہ اور اس کی بہن 19 سالہ رضا محمد ابوصلحہ کنڈومنیئم کامپلکس میں مردہ پائے گئے تھے۔