واشنگٹن ۔ 24جنوری۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر براک اوباما کے دورۂ ہند سے قبل انسانی حقوق کی ایک تنظیم نے ان سے خواہش کی ہے کہ وہ اس دورہ کے موقع پر اپنے ملک کے تجارتی مفادات کو فروغ دیتے وقت بھوپال گیس المیہ پر بھی اظہار خیال کریں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے گزشتہ روز کہا کہ امریکی کمپنی یونین کاربائیڈ کارپوریشن میں پیش آئے گیس المیہ میں 20,000 افراد فوت اور دیگر کئی ہزار افراد بری طرح متاثر ہوئے تھے اور اس واقعہ کے 30 سال گزرجانے کے باوجود اس کے اثرات سے عوام آج بھی متاثر ہورہے ہیں۔ ایمنسٹی نے کہا کہ ’’اس مسئلہ پر لب کشائی میں صدر اوباما کی ناکامی سے ایسی کمپنیوں کو انسانی حقوق کو نظرانداز کرنے کے معاملہ میں حوصلہ افزائی ہوگی۔ جب وہ ( اوباما ) یوم جمہوریہ کا جشن منارہے ہیں ، انھیں بھوپال کے عوام کو نہیں بھولنا چاہئے جو ہنوز اس المیہ کے اثرات سے متاثر ہورہے ہیں‘‘ ۔ ایمنسٹی نے مزید کہا کہ اوباما کو یہ بیان کرنا ہوگا کہ یونین کاربائیڈ کی مالک ڈاؤ کمیکل کمپنی ، ہندوستانی عدالت کی طرف سے بارہا مرتبہ جاری کئے گئے سمن کو نظرانداز کررہی ہے ، حالانکہ اس المیہ سے متعلق یونین کاربائیڈ کمپنی کے خلاف سنگین فوجداری الزامات عائد ہیں۔ ایمنسٹی نے کہا کہ اوباما کو چاہئے کہ وہ ہندوستان میں امریکی تجارتی مفادات کو فروغ دیتے وقت ہندوستانی شہریوں کی فلاح و بہبود کو نظرانداز نہ کریں۔