بھوپال میں راہول گاندھی کا زبردست روڈ شو، کانگریس کی طاقت کامظاہرہ

بھوپال ۔ 17 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی انتخابات کا سامنا کرنے والی ریاست مدھیہ پردیش میں 11 ہندو پچاریوں سے آشیرواد لینے کے بعد روڈ شو سے اپنی پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کیا۔ 48 سالہ راہول گاندھی کی آج بھوپال آمد پر اُن کی پارٹی نے پرتپاک استقبال کیا ۔ راہول کی آمد کے موقع پر لگائے گئے خیرمقدمی پوسٹرس اور بیانرس پر اُنھیں ’شیوبھکت‘ قرار دیا گیا۔ مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کمل ناتھ ، ان کی پارٹی کے سینئر لیڈر اور حلقہ گونا کے رکن پارلیمنٹ جیوترآدتیہ سندھیا اور دیگر قائدین بھی اس موقع پر ایرپورٹ پر موجود تھے ۔ راہول جیسے ہی ایرپورٹ سے باہر آئے ہزاروں کانگریسی کارکن پارٹی پرچم لہراتے ہوئے ’’راہول گاندھی زندہ باد‘‘ کے پرجوش نعرے لگانے لگے ۔ سخت ترین سکیورٹی ڈھال کے ساتھ راہول جیسے ہی علاقہ لال گڑھی پہونچے 11 ہندو پچاریوں نے ویدک منتروں کا جاپ کرتے ہوئے آشیرود دیا۔ نہرو ۔ گاندھی خاندان کے سیاسی وارث نے ویدک منتروں کے درمیان پچاریوں سے آشیرواد حاصل کرنے کے بعد مدھیہ پردیش میں ایک پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کیا جہاں دائیں بازو کی قوم پرست جماعت بی جے پی مسلسل 15 سال سے برسراقتدار ہے ۔ راہول گاندھی نے 15 کیلومیٹر طویل روڈ شوکے آغاز کیلئے بس میں سوار ہونے سے قبل خود بھی پوجا کی ۔ اس موقع پر سڑکوں کے دونوں جانب ہزاروں کانگریسی کارکن کھڑے تھے اور اپنے قائد کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے سبقت کی کوشش میں ایک دوسرے کو ڈھکیلنے لگے ۔ کانگریس سربراہ روڈ شو کے دوران بھوپال کی اہم سڑکوں اور گلیوں سے گذرتے ہوئے دسہرہ میدان پہونچے۔ انھوں نے مودی حکومت پر رافیل سودے اور نوٹوں کی تنسیخ کے اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’چوکیدار چور بن گیا ہے ‘‘ ۔ صدر کانگریس نے دعویٰ کیاکہ مودی اُن سے آنکھ ملاکر بات نہیں کرسکتے ۔