نئی دہلی ۔ 31 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی 3 روزہ بین الاقوامی ہندی کانفرنس کا 10 ستمبر کو بھوپال میں افتتاح کریں گے۔ اس ہندی کانفرنس کا مقصد ہندی کو ملک گیر اور بین الاقوامی سطح پر مقبول بنانا ہے۔ 27 ممالک کے وفود اور ماہر لسانیات اس میں شرکت کریں گے۔ مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ اور بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن چوٹی کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اس کانفرنس کے جملہ 28 اجلاس ہوں گے، جن میں ہندی سے متعلق کئی موضوعات کا احاطہ کیا جائے گا۔ گوگل اور آئی فون تیار کرنے والی ایپل کارپوریشن ان کئی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں شامل ہے، جو چوٹی کانفرنس کے موقع پر منعقد کی جانے والی نمائش میں شرکت کریں گی تاکہ ہندی کو مقبول بنانے کی کوششوں کا اظہار کیا جاسکے۔ مرکزی وزیرخارجہ سشماسوراج اس کانفرنس کے انعقاد میں حکومت مدھیہ پردیش سے تعاون کررہی ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ امیتابھ بچن کو شرکت کے لئے ان کا منہ مانگا معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ نامور شخصیات کو رہائش کی سہولت، سفر کے اخراجات اور نقل و حرکت کے اخراجات ادا کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہندی کی شناخت اقوام متحدہ کی زبانوں میں سے ایک کی حیثیت سے کروانے کی کوشش کررہی ہے۔ اس کی تائید میں 129 ووٹ اس کو یہ درجہ دے سکتے ہیں۔ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں ایسی رائے دہی ممکن ہے۔