بھوپال سے مغویہ طالبہ اجمیر میں برآمد

20 لاکھ روپئے تاوان کیلئے بس ڈرائیور کا منصوبہ ناکام
بھوپال۔7ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال سے سات دن پہلے اغوا ہوئی ایک کالج کی طالبہ کو پولیس نے راجستھان کے شہر اجمیر سے برآمد کر لیا ہے ۔ طالبہ کو ایک بس ڈرائیور نے اپنے ایک ساتھی کے ساتھ مل کر 20 لاکھ روپے تاوان کے لئے اغوا کیا تھا۔ اس سے پہلے ملزم نے لڑکی کے والد کو ان کے کسی بچے کو نقصان پہنچانے کی دھمکی بھی دی تھی۔ ملزم لڑکی کو جان سے مارنے کی دھمکی دے کر اپنے ساتھ اجمیر لے گیا تھا جہاں سے اسے بحفاظت آزاد کرا لیا گیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ،(شمال) اروند سکسینہ نے یو این آئی کو بتایا کہ منڈی دیپ کے باشندہ ٹھیکیدار گوپال پرمار کو نامعلوم ملزمین نے دھمکی دی تھی کہ ان کے کسی بچے کو جان سے مار دیا جائے گا۔ اس بارے میں انہوں نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔ دھمکی کے پیش نظر مسٹر پرمار نے مقامی ایم ایل بی کالج میں پڑھنے والی اپنی بیٹی کو اس کے چچا کے ساتھ کالج بھیجنا شروع کر دیا۔ اس کے باوجود ان کی بیٹی 30 اگست کو لاپتہ ہو گئی۔ اس بارے میں فریادی نے شیاملہ ہلس تھانے میں شکایت درج کرائی۔ مسٹر سکسینہ کے مطابق اس کے بعد فریادی کو ان لڑکی کی جان بچانے کیلئے 20 لاکھ روپے دینے کی دھمکی دی گئی۔ اس کے بعد پولیس نے لڑکی کے تمام دوستوں اور کالج کے آس پاس کے تمام لوگوں سے پوچھ گچھ شروع کی۔ اسی دوران طالبہ جن بسوں سے کالج آتی تھی، ان سے وابستہ لوگوں سے پوچھ گچھ میں بادشاہ نام کے ڈرائیور کے 30بھی اگست سے ہی غائب ہونے کی بات سامنے آئی۔بادشاہ کے گھر پرتلاش کرنے پر بادشاہ کی بیوی نے بھی اس کے 30 تاریخ سے غائب ہونے کی تصدیق کی۔اس کے بعد تحقیقات کے دوران پولیس کو بس ڈرائیور بادشاہ اورلڑکی کے اجمیر سے احمد آباد کے درمیان ہونے کی اطلاع ملی، جس کی بنیاد پر دونوں کو اجمیر سے پکڑ لیا گیا۔ طالبہ نے پوچھ گچھ کے دوران پولیس کو بتایا کہ وہ منڈی دیپ سے بس میں بیٹھ کر کالج آتی تھی۔ اس بس کو بادشاہ چلاتاتھا۔بادشاہ تمام لڑکیوں کیلئے سیٹ روک کر رکھتا اور اس طرح اس نے تمام لڑکیوں کو اعتماد میں لے رکھا تھا۔ سات اگست کو لڑکی کے کنبہ کو دھمکی دیے جانے کے بارے میں بھی بادشاہ کو اخبارات کے ذریعے پتہ چلا تھا، جس کے بعد لڑکی کو اس کے گھر والے ہی کالج لاتے تھے ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے طالبہ کے حوالے سے بتایا کہ 30 تاریخ کو بادشاہ کی اس سے ملاقات ہوئی۔ بادشاہ نے اس دوران اس سے کہا کہ اسے معلوم ہے کہ اس کی فیملی کو کسی نے دھمکی دی ہے ۔ وہ اس دھمکی دینے والے کے بارے میں بتا دے گا، لیکن اس کے لئے اسے اس کے ساتھ چلنا پڑے گا۔پرانی پہچا ن ہونے کی وجہ سے لڑکی بادشاہ کے جھانسے میں آ گئی اور دھمکی دینے والے کے بارے میں جاننے کیلئے بادشاہ کے ساتھ چلی گئی۔ بادشاہ اپنے ایک دوست ببلو کے ساتھ لڑکی کو پہلے ابراہیم پورا اپنے گھر لے گیا، جہاں سے اسے دونوں ملزم شہر کے باہر ایک سنسان جگہ پر لے گئے ۔یہاں دونوں ملزمین نے چاقو کی نوک پر لڑکی کو بتایا کہ انہوں نے ہی اس کے گھر والوں کو دھمکی دی تھی اور اگر وہ ان کے ساتھ نہیں جائے گی تو اس کے والد اور بھائی کو مار دیا جائے گا۔ خوفزدہ لڑکی بادشاہ کے ساتھ چلی گئی۔ بادشاہ اسے چار پہیہ گاڑی سے الگ الگ جگہ سے اجمیر لے گیا جہاں سے پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔
معاملے کا دوسرا ملزم ببلو ابھی فرار ہے ۔