میںغریبوں کے مسائل میں حصہ دار ہوں۔ وزیر اعظم کا اترپردیش میں خطاب
لکھنو 28 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریند رمودی نے آج کانگریس صدر راہول گاندھی پر ان کے چوکیدار۔ بھاگیدار ریمارک پر جوابی تنقید کی ہے اور کہا کہ وہ اس ریمارک کو اپنے لئے اعزاز سمجھتے ہیں۔ نریندر مودی نے راہول گاندھی کے ریمارک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج کل انہیں ( مودی کو ) بھاگیدار کہا جانے لگا ہے ۔ میں اس الزام کو ایک اعزاز سمجھتا ہوں ۔ مجھے فخر ہے کہ میں غریبوں کے مسائل اور تکالیف کا بھاگیدار ہوں۔ راہول گاندھی نے رشوت کے معاملات میں مودی کو بھاگیدار قرار دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ انہیںفخر ہے کہ وہ مزدور طبقہ کی مشکلات کے بھاگیدار ہیں ۔ وہ ایک مغموم ماں کی تکلیف میں بھاگیدار ہیں اور ایک کسان کے مسائل میں بھاگیدار ہیں جس کی فصل آفات سماوی کی وجہ سے تباہ ہوجتای ہے ۔ وہ سپاہیوں کے بھاگیدار ہیں جو سنسناتی سردی اورچلچلاتی دھوپ میں ملک کی حفاظت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس غریب خاندان کے بھاگیدار ہیں جسے علاج کیلئے اپنی زمین بیچنی پڑتی ہے ۔ وہ گھر افراد کے اور ناخواندہ بچوں کے اور بیروزگار نوجوانوں کے بھاگیدار ہیں۔ وزیر اعظم یہاں ایک تقریب میں خطاب کر رہے تھے جو شہری ترقیات سے متعلق تین سرکاری اسکیمات کے سلسلہ میں منعقد ہوئی تھی ۔ وزیر اعظم نے اپنی حکومت کے وعدہ کو دہراتے ہوئے کہا کہ 2022 تک ہر بے گھر شہری کو سائبان فراہم کیا جائیگا ۔ نریندر مودی کل بھی دوبارہ لکھنو کا دورہ کرینگے اور وہ یہاں کچھ دوسرے پراجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ کانگریس صدر راہول گاندھی نے کئی مسائل پر اور خاص طور پر رافیل معاملت میں رشوت کے الزامات عائد کرتے ہوئے مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ وہ چوکیدار نہیں بلکہ اس سارے معاملہ میں بھاگیدار ہیں۔ وزیر اعظم نے یو پی میں آدتیہ ناتھ سے قبل کی تمام ریاستی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سابقہ حکومتوں نے عوام کو مکانات فراہم کرنے کی بجائے قائدین اور وزرا کو بنگلے فراہم کئے تھے ۔ وہ جانتے ہیں کہ اس صورتحال میں عوام کو کتنی مشکلات پیش آتی رہی ہیں۔ سابقہ حکومتیں صرف اپنے بنگلوں کی سجاوٹ پر توجہ دیا کرتی تھیں۔