ڈگ وجئے سنگھ کی بی جے پی اور ایم آئی ایم کی جانب سے مشترکہ مذمت
نئی دہلی ۔ 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس قائد ڈگ وجئے سنگھ پر آج بی جے پی اور ایم آئی ایم نے مشترکہ طور پر مذمت کی کیونکہ ڈگ وجئے سنگھ نے اپنے ٹوئیٹر پر ایک تصویر شائع کی ہے جس میں موہن بھاگوت اور اسد الدین اویسی کو ایک ہی سکے کے دو رخ کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ ڈگ وجئے سنگھ نے سماجی نیٹ ورک سائیٹ پر یہ تصویر کل شائع کی تھی جس میں اسدالدین اویسی کا آدھا چہرہ اور آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کا آدھا چہرہ ملا کر شائع کیا گیا ہے اور اس کے نیچے تحریر ہے یہ دونوں مذہبی جنون پیدا کرنے کے مجرم ہیں۔ انہوں نے ملک کے سماجی تانے بانے کو تباہ کردیا ہے۔ یہ تصویر میرے ایک دوست نے روانہ کی ہے۔ مجلس اتحاد المسلمین کے صدر نے اس ٹوئیٹر پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے ’’مسلمانوں کی توہین‘‘ قرار دیا جبکہ مرکزی وزیر اور بی جے پی قائد ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ کانگریس سیکولرازم کی باتیں کرتی ہے لیکن ایسا معلوم ہوتا ہیکہ جیسے ’’شیطان آیات کی تلاوت کررہا ہو‘‘ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس کے دوستوں میں مسلم لیگ بھی شامل ہے اور وہ قبل ازیں اویسی سے بھی اتحاد کرچکے ہیں۔ اس لئے کانگریس کو کوئی اخلاقی حق نہیں پہنچتا کہ وہ بی جے پی پر تنقید کریں اور سیکولرازم کی بات کریں۔ انہوں نے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ ذات پات، فرقہ پرستی اور علاقہ پرستی کے جذبات کو پروان چڑھا رہی ہے۔