وارناسی۔ 19 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم لال بہادر شاستری کی سادگی اور ملک میں سبز انقلاب لانے کی ستائش کرتے ہوئے آر ایس ایس کے سرسنچالک موہن بھاگوت نے آج کہا کہ ان کی سادگی کے نظریات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ نسلیں بھی اس سے تحریک حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کتاب ’’بھارت رتن لال بہادر شاستری‘‘ کا رسم اجراء انجام دیتے ہوئے کہا کہ اپنی پوری زندگی میں شاستری جی نے قوم کی بہتری کیلئے کام کیا۔ ان کے نعرے ’’جئے جوان ، جئے کسان‘‘ نے ملک میں سبز انقلاب لایا۔ بھاگوت نے سابق وزیراعظم کے نظریات کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قوم ان کے نمایاں کارناموں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی، حالانکہ ان کا دورِ اقتدار مختصر تھا لیکن انہوں نے غذائی اجناس کی قلت کا مسئلہ حل کردیا تھا۔ اپنے 18 ماہ کے دورِ اقتدار میں انہوں نے ملک میں بڑے پیمانے پر تبدیلی پیدا کی تھی اور معیشت کو فروغ دیا تھا۔