سرسلہ میں انتخابی مہم کا آغاز، ریالی سے خطاب
حیدرآباد۔/22 ستمبر ، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ انہیں بھاری اکثریت سے کامیابی کا کوئی لالچ نہیں ہے ان کے لئے صرف کامیابی ہی سب کچھ ہے۔ کے ٹی آر نے آج اپنے حلقہ انتخاب سرسلہ میں انتخابی مہم کا آغاز کیا۔ یلاریڈی پیٹ منڈل میں انہوں نے بائیک ریلی میں شرکت کی اور بعد میں پارٹی کارکنوں کے وسیع تر اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2006 کے انتخابات سے ان کا سرسلہ کی سیاست میں تعارف ہوا۔ انہوں نے 2006 میں سیاست اور تلنگانہ تحریک سے خود کو وابستہ کیا۔ 2009 میں انہیں صرف 178 ووٹ سے کامیابی ملی تھی جبکہ 2010 میں 68000 اور 20014 میں 53000 ووٹ کی اکثریت سے وہ کامیاب ہوئے۔ رائے دہندے انہیں اس مرتبہ ایک لاکھ ووٹ کی اکثریت سے کامیاب بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ انہیں اکثریت کی کوئی خواہش نہیں ہے بلکہ صرف کامیابی ان کے لئے اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سرسلہ عوام کے قرض دار ہیں جنہوں نے انہیں سیاسی زندگی دی تھی۔ گزشتہ ساڑھے چار برسوں میں انہوں نے سرسلہ کی ترقی کیلئے کئی اقدامات کئے۔ انہوں نے اپوزیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ سرسلہ کی ترقی کے بارے میں دل پر ہاتھ رکھ کر حقائق کا اظہار کریں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ دوبارہ کامیابی کی صورت میں وہ سرسلہ کو مزید دوگنا ترقی دینے کی مساعی کریں گے۔ انہوں نے کسانوں کی صورتحال بہتر بنانے کا وعدہ کیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ رائے دہندوں نے کبھی بھی دشوار کن حالات پیدا نہیں کئے۔ سرسلہ میں ایک لاکھ ایکر اراضی کو پانی سیراب کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت پر عوام کو مکمل اعتماد ہے۔ رکن پارلیمنٹ ونود کمار، رکن کونسل بھانو پرساد اور دوسروں نے بھی مخاطب کیا۔