بھارت بند کے دوران اوڈیشہ میں ٹرین سرویس میں خلل

کانگریس ورکرس کے احتجاجی مظاہرے، کئی مقامات پر سڑکوں کو بند کردیا گیا

بھوبنیشور ۔ 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) فیول کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف احتجاج پیر کو بھارت بند کے دوران اوڈیشہ میں ٹرین سرویس متاثر رہی کیونکہ احتجاجی ٹریکس پر بیٹھ گئے تھے۔ بھارت بند کی اپیل کانگریس کی جانب سے کی گئی۔ کانگریس کے کارکنوں نے کئی مقامات بشمول بھوبنیشور، کٹک، خوردہ روڈ، پرادیپ، بالاس پور اور بھدرک میں ریلوے ٹریکس کو بند کردیا تاکہ صبح 6 تا 3 بجے دن شٹ ڈاؤن کیا جائے۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ بھارت بند کے پیش نظر ایسٹ کوسٹ ریلوے کے دائرہ کار میں کم از کم 10 ٹرینس کو منسوخ کیا گیا اور دیگر کئی ٹرینس کو ریگولیٹ کیا گیا۔ عہدیداروں نے کہا کہ مختلف مقامات پر ریلوے اسٹیشنس پر مسافرین بڑی تعداد میں پھنس گئے کیونکہ ریلو روکو پروگرام کے باعث کئی ٹرینس میں تاخیر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی آمدورفت بھی کئی مقامات پر رک گئی کیونکہ کانگریس کے ورکرس نے کئی مقامات جیسے بھوبنیشور، کٹک، سنبھل پور اور خوردہ میں مختلف جنکشنس پر سڑکوں کو جلے ٹائرس سے بند کردیا تھا۔ مسافرین کئی مقامات پر پھنس کر رہ گئے کیونکہ اس بند کی وجہ بسیس، ٹیکینر اور آٹو رکشا سڑکوں سے غائب تھے۔ نیشنل اور اسٹیٹ ہائی ویز پر گاڑیوں کی بڑی تعداد کو رکی ہوئی دیکھا گیا۔ ریاست کے دارالحکومت بھوبنیشور میں کانگریس ورکرس نے کئی مقامات پر سڑکوں کو بند کردیا تھا۔ ریاستی اسمبلی کارروائی کانگریس کے ارکان کی جانب سے کئے گئے احتجاج اور ہنگامہ کے بعد نہیں چل سکی جنہوں نے اسمبلی اجلاس شروع ہونے پر ایوان کے وسط میں آکر ایوان کی کارروائی کو سہ پہر 3 بجے تک پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف کئے جارہے احتجاج کے پیش نظر ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ کانگریس کے چیف وہپ تارا پرساد باہنی پتی نے فیول کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ان کی پارٹی کے ارکان اسمبلی کے نعروں کے درمیان اسپیکر کے پوڈیم پر چڑھنے کی کوشش کی جس پر اسپیکر پرادیپ کمار آمت نے ایوان کو اس دن کیلئے ملتوی کردیا۔ اس بند کا اثر سیاحتی مقام کونارک میں بھی محسوس کیا گیا کیونکہ بند کے حامیوں نے مشہور سن ٹیمپل کے ٹکٹ کاؤنٹر کو مقفل کردیا جس کے نتیجہ میں سیاحوں کی ایک بڑی تعداد اس مقام پر نہیں جاسکی۔