بھارت بند کا چھتیس گڑھ میں وسیع پیمانے پر اثر

رائے پور10ستمبر(سیاست ڈاٹ کام )پٹرول۔ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں ہورہے مسلسل اضافے کے خلاف کانگریس کے اعلان پر آج بھارت بند کا چھتیس گڑھ میں وسیع پیمانے پر اثر دیکھا گیا۔ دارالحکومت رائے پور میں سبھی دکانیں اور کاروباری ادارے ،سنیماگھر،مال اور پٹرول پمپ بند ہیں۔بند کی وجہ سے چھوٹی دکانوں پر بھی تالے لٹکے ہوئے دیکھے گئے ۔بند میں آٹو اسوسی ایشن کے بھی شامل ہونے سے سڑکوں پر عام دنوں کے مقابلے بہت کم گاڑیاں چل رہی ہیں۔پبلک ٹرانسپورٹ بھی بہت کم چل رہے ہیں۔آٹو کے بند میں شامل ہونے سے باہر سے آنے والے لوگوں خصوصاً ریلوے اسٹیشن ،بس اسٹینڈ پر پہنچنے والے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ایمرجنسی خدمات کو بندسے باہر رکھنے کی وجہ سے اسپتال اور دوا کی دکانیں کھلی ہوئی ہیں لیکن زیادہ تر اسکول کالج بند ہیں۔جو کھلے بھی ہیں وہاں زیادہ تر اسٹاف غیر حاضر ہے ۔چھتیس گڑھ چیمبر آف کامرس نے دودن پہلے ہی بند کو حمایت دینے کا اعلان کردیا تھا،جس کی وجہ سے اس اثر بڑے پیمانے پر دیکھا گیا۔چیمبر کی حمایت کی وجہ سے کانگریس کے کارکنان کو بند کروانے میں زیادہ طاقت کا استعمال نہیں کرنا پڑا۔