بنگلورو 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایک انجینئرنگ طالب علم نے بگ باس کنٹسٹنٹ 11 کے خلاف پولیس میں اپنی شکایت درج کروائی ہے۔ اس نے ماڈل اور کنٹسٹنٹ بنڈگی کارلہ پر الزام عائد کیاکہ اُس کے انسٹا گرام کے اکاؤنٹ پر جعلی اشتہار برائے آئی فون ایکس بھیجا گیا۔ انگریزی روزنامہ دکن کرانیکل میں شائع شدہ رپورٹ کے مطابق طالب علم کا نام یوراج سنگھ یادو ہے۔ اُس نے ماڈل کرلا پر الزام لگایا کہ اُس نے آئی فون ایکس کے جعلی اشتہار کو Share کرتے ہوئے پوسٹ کیا جس میں پیش کش کی گئی تھی کہ فون صرف 61,000 روپئے میں دستیاب ہے۔ اس اشتہار کو صحیح سمجھتے ہوئے اُس نے فروختگی مرکز کے سیلر کو پے ٹی ایم کے ذریعہ 13 ہزار روپئے منتقل کئے جس کے فوری بعد کرلا کے انسٹا گرام سے وہ جعلی اشتہار فوراً ہٹالیا گیا۔ چہارشنبہ کو یادو نے باقی 48 ہزار روپئے کوریئر وصول ہونے پر ادا کئے۔ جب اُس نے پارسل کھولا تو وہ حیرت زدہ ہوگیا کیوں کہ اُس میں ’’اصل فون‘‘ کے بجائے ’’ڈمی فون‘‘ تھا۔ یوراج سنگھ نے فوری پولیس اسٹیشن کا رُخ کیا اور اپنی شکایت درج کرواتے ہوئے تمام واقعہ کی تفصیلات دیں۔ جس پر کارروائی کرتے ہوئے صادق پاشاہ مراتھان ہلی پولیس انسپکٹر نے کہاکہ بگ باس کنٹسٹنٹ کو تفتیش کے لئے سمن بھیجا۔