بڑے گوشت پر امتناع کیخلاف احتجاج، گریش کرناڈ شریک

بنگلور۔9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بڑے مویشیوں کے گوشت پر امتناع کو متنوع غذائی کلچر والے سماج کے خلاف کارروائی قرار دیتے ہوئے بائیں بازو کی ڈیموکریٹک یوتھ فیڈریشن آف انڈیا اور دلت تنظیموں نے آج ایک احتجاجی پروگرام میں بڑے مویشیوں کا گوشت کھانے کا مظاہرہ کیا جس میں گیان پیتھ ایوارڈ یافتہ گریش کرناڈ نے بھی شرکت کی۔ اس احتجاج کا اہتمام ملک کے مختلف حصوں میں بڑے مویشیوں کے گوشت پر امتناع کے خلاف کیا گیا تھا۔ اس کو ایک اور نامور کنڑ مصنف ڈاکٹر کے مرلا سدپا کی تائید بھی حاصل تھی۔ کرناڈ اور مرلا سدپا نے بڑے مویشی کا گوشت نہیں کھایا لیکن کہا کہ وہ احتجاج کی تائید کرتے ہیں اور امتناع کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں۔ کرناڈ نے کہا کہ میں عوام سے یہ نہیں کہنا چاہتا کہ کیونکہ بڑے مویشی کا گوشت کھاتا ہوں، اس لئے میں قانون کا مخالف ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو عمل کی آزادی ہونا چاہئے۔ مرلا سدپا نے کہا کہ میں بڑا گوشت نہیں کھاتا کیونکہ مجھے اس کی عادت نہیں ہے، لیکن مجھے اس کا حق حاصل ہے ۔ میں دوسروں کی تحقیر کرنے کا جو بڑا گوشت کھاتے ہیں ، کوئی حق نہیں رکھتا۔ مجھے ان کا احترام کرنا چاہئے۔ پولیس کی کارروائی کو غیرجمہوری قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی قانون کے خلاف ہے۔