حیدرآباد ۔ 22 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : وزیر جنگلات ، ماحولیات ، سائنس اینڈ ٹکنالوجی ، جوگی رامنا نے آج عوام سے پر زور اپیل کی کہ بڑے پیمانہ پر شجرکاری میں شامل ہوں اور ایک انقلاب پیدا کریں ۔ آج یہاں اندرا پریہ درشنی آڈیٹوریم میں انٹرنیشنل ڈے فار بائیولوجیکل ڈائیورسٹی 2015 میں بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے جنوبی کوریا کی مثال دی اور کہا کہ جنوبی کوریا اور شمالی کوریا کے درمیان جنگ کے بعد لوگوں نے ملک میں گرینری پیدا کرنے میں حصہ لیا اور 40 سال کے اندر 1.5 فیصد فاریسٹ کور کے مقابل اس میں 80 فیصد تک اضافہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بھی ریاست تلنگانہ کو کلین اینڈ گرین بنانے میں سنجیدہ ہیں اور 30 فیصد فاریسٹ کور کا حصول چاہتے ہیں ۔ وزیر جنگلات نے کہا کہ آنے والے ہریٹارم میں تمام لوگوں کو شامل کیا جائے گا اور عوام پر زور دیا کہ ریاست میں مزید جنگلاتی علاقہ اور گرینری کو یقینی بنانے کے لیے اسے انقلابی بنائیں ۔ اس موقع پر انہوں نے ایک ویب سائٹ اور تلنگانہ اسٹیٹ بائیو ڈائیورسٹی بورڈ لوگو کا آغاز کیا اور ایک کتابچہ اور ایک پوسٹر کو بھی جاری کیا ۔۔