بڑے دواخانوں میں واقع فارمیسی پر اچانک دھاوے

حیدرآباد ۔ /22 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ ڈرگ کنٹرول اڈمنسٹریشن کی خصوصی ٹیموں نے شہر کے 11 بڑے دواخانوں میں موجود فارمیسی پر اچانک دھاوے کرتے ہوئے قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی کی ۔ ڈائرکٹر ڈرگس کنٹرول ڈاکٹر اکن سبروال نے بتایا کہ ایک اسسٹنٹ ڈائرکٹر اور 3 ڈرگس انسپکٹرس پر مشتمل خصوصی ٹیموں نے میڈی سٹی ہاسپٹل شاہ میرپیٹ ، کانٹینینٹل ہاسپٹل گچی باؤلی ، میڈوین ہاسپٹل نامپلی ، یشودھا ہاسپٹل سکندرآباد ، کامینینی ہاسپٹل ایل بی نگر ، اپولو ہاسپٹل جوبلی ہلز ، کمس سکندرآباد ، کیر ہاسپٹل بنجارہ ہلز ، گلوبل ہاسپٹل لکڑی کا پل ، اسٹار ہاسپٹل بنجارہ ہلز ، سنشین ہاسپٹل سکندرآباد میں موجود فارمیسی پر اچانک دھاوے اور تلاشی لی گئی جس میں زیادہ قیمت پر ادویات کی فروخت اور مدت ختم ہوجانے والی ادویات کی فروختگی کا پتہ لگایا گیا ۔ ان دھاوؤں میں ڈرگس ایکٹ 1940 کی خلاف ورزی کا بھی قصور وار پایا گیا ۔ جملہ 6 دواخانوں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی جبکہ غیرلائیسنس یافتہ دو فارمیسی کو مہر بند کردیا گیا ۔ ٹیم نے شہر میں واقع مختلف فارمیسی میں بے قاعدگیوں کو روکنے کے لئے دھاوے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔