ڈی جیپی سے جناب محمد سلیم کی ملاقات ، تاجرین کو درپیش مسائل اور نقصانات کا تذکرہ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : گائے کے نام پر دیگر بڑے جانوروں کی منتقلی کو روکنے اور تاجرین کے ساتھ پولیس زیادتیوں پر برہم ایم ایل سی محمد سلیم نے آج ڈائرکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ سے ملاقات کی ۔ ایم ایل سی جناب محمد سلیم نے جو جمعیت القریش کے صدر بھی ہیں نے ڈی جی پی سے تاجرین کے مسائل سے واقف کروایا ۔ اور انہیں درپیش مشکلات کا تذکرہ کیا اور ضلع ایس پیز و سائبر آباد کمشنر سے بات کرتے ہوئے بڑے جانوروں کو نہ روکنے کامطالبہ کیا ۔ تاہم ڈی جی پی تلنگانہ مسٹر انوراگ شرما نے جناب محمد سلیم کی نمائندگی پر انہیں اس بات کا یقین دلایا کہ گائے کے علاوہ کسی بھی بڑے جانوروں کو نہیں روکا جائے گا ۔ ڈی جی پی کے ذریعہ پولیس کو احکامات جاری کرنے پر زور دیتے ہوئے ایم ایل سی سلیم نے کہا کہ تلنگانہ اضلاع کو سرحدوں پر پولیس بڑے جانوروں کو روک رہی ہے جب کہ ان بڑے جانوروں میں گائے شامل نہیں ہے ۔ بیل اور بھینسوں کی منتقلی اور ان کی تجارت کو روکنا انتہائی افسوسناک عمل ہے ۔ انہوں نے پولیس کے رویہ پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ پولیس کی اس حرکت سے تاجر پیشہ افراد کو نقصان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ ایک طرف فرقہ پرست طاقتیں اور دوسری طرف پولیس کی مبینہ جانبداری سے بڑے جانوروں کا کاروبار اور اس سے جڑے افراد کی معاشی حالت تباہ ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گائے کی منتقلی غیر قانونی ہے لیکن بیل کو منتقل کرنا غیر قانونی نہیں ہے ۔ جس پر پولیس کو اعتراض نہیں ہونا چاہئے بلکہ پولیس کو چاہئے کہ وہ ان تاجروں کی مشکل حالات و ہراسانی کے وقت مدد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا علاقہ سے آنے والے بڑے جانوروں کی گاڑیوں کو روک کر پولیس تاجرین کو ہراساں کررہی ہے اور ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس مسئلہ کو چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹرس کے سپرد بھی کیا گیا ہے انہوں نے پولیس کو اپنا رویہ بدلنے کا مشورہ دیا ۔