بڑا خواب بڑی سوچ،طلبہ کو ورون گاندھی کے مشورے

حیدرآباد 22 جنوری (سیاست نیوز) ورون گاندھی ایم پی نے کہاکہ خواب بڑا دیکھئے سوچ بڑی رکھئے۔ وہ حیدرآباد میں کل سری ندھی انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی سالانہ تقریب سے مخاطب تھے۔ انھوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ سری کانت بولا سے روشنی حاصل کریں۔ یہ آندھراپردیش کا نابینا لڑکا ہے جسے ہندوستان میں آئی آئی ٹی میں داخلہ دینے سے انکار کیا گیا اس کو ایم آئی ٹی امریکہ میں صد فیصد اسکالرشپ کے ساتھ داخلہ مل گیا۔ انھوں نے طلبہ سے کہاکہ وہ بہادر بنیں۔ انھوں نے بتایا کہ نابینا طالب علم تعلیم حاصل کرکے نوجوان صنعت کار کی حیثیت سے وطن واپس ہوا۔ ایک ادارہ شروع کیا جو بالکلیہ ماحولیاتی دوست کمپنی ہے جس کا سالانہ کاروبار 150 کروڑ روپئے کا ہے جہاں نوجوان باصلاحیت افراد اور اس جیسے معذور افراد کو روزگار مہیا کیا جاتا ہے۔ انھوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نمایاں صلاحیت پیدا کریں اور سماج میں تبدیلی لائیں۔