نیویارک۔ 30ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے نیو یارک شہر کی ایک کثیر منزلہ عمارت میں حال ہی میں لگی آگ کی اصل وجہ تین سالہ بچے کا جلتے ہوئے اسٹوو سے کھیلنا تھا جس میں چار بچوں سمیت 12افراد کی موت ہوگئی تھی۔آگ کی وجوہات کی جانچ کرنے والے ایک افسر نے کل یہ اطلاع دی ۔ 1990 ء کے بعد خوفناک حادثوں کی جانچ کرنے والے افسر نے کیرین فرینکس خاندان کے بچے کی ماں کے حوالے سے بتایا کہ معصوم بچہ آنکھ بچاکر بار بار باورچی خانے میں جلتے ہوئے گیس کو پکڑنے کے لئے بھاگتا تھا اور اس کی یہ عادت سی بن گئی تھی۔حادثے والے دن بھی وہ باورچی خانے میں پہنچ کر آگ سے کھیلنے لگا۔فائربریگیڈ محکمے کے کمشنر ڈینئل نیگرو نے بتایا کہ پانچویں منزل پر رہنے والے اس خاندان کا بچہ جمعرات کوآدھی رات میں باورچی خانے میں چلا گیا اور وہاں سے اس کے چیخنے کی آواز آئی اورپھر دھواں اور آگ کی لپٹیں اٹھتی دکھائی دیں۔فوری طورپر اس کی ماں بچے اور اس کے چھوٹے بھائی کو لے کر باہر کی طرف بھاگی اور دروازے کو اس نے کھلا چھوڑ دیا۔