نئی دہلی ۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) راجیہ سبھا میں آج یوگاگرو کی ادویات ساز کمپنی دیویہ فارمیسی کی مبینہ کرشماتی دوا پر فی الفور پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے جس میں مرد بچہ کی پیدائش کا وعدہ کیا گیا ہے۔ اپوزیشن ارکان نے اس دوا کی تشہیر کو غیرقانونی اور غیردستوری قرار دیتے ہوئے تیار کنندگان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ آج صبح راجیہ سبھا کی کارروائی شروع ہوتے ہی کے سی تیاگی (جنتادل متحدہ) نے ایک پیاکٹ دکھائی، جس پر پتراجیوک بیج تحریر تھا۔ انہوں نے ادعا کیا کہ یہ دوا دیویہ فارمیسی سے خریدی ہے، جس میں مرد بچہ کی پیدائش کا وعدہ کیا گیا ہے۔ مسٹر تیاگی نے رسید خریدی بھی پیش کی، جس پر 14 اپریل کی تاریخ تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہریانہ کے برانڈ ایمبسڈر کی جانب سے اس طرح کی ادویات کی فروخت اور تشہیر غیرقانونی اور غیردستوری ہے۔ یوگا گرو کا نام لئے بغیر انہوں نے حکومت ہند سے دریافت کیا کہ آیا وزیراعظم نریندر مودی کی فعال قیادت سے اسے منظوری دی ہے۔