سیدھی23جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش کے سنگرولی ضلع کے موربا تھانہ علاقے میں بھیڑ کی جانب سے بچہ چور سمجھ کر ایک خاتون کا پیٹ پیٹ کر قتل کئے جانے کاسنسنی خیز معاملے میں ایک درجن ملزمان کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے ۔ اس معاملے کے دو دیگر ملزم اب بھی فرار ہیں۔موربا کے سب ڈویژنل پولیس افسر (ایس ڈي پي او) کے ایس دویدی نے آج بتایا کہ سنگرولی ضلع کے موربا تھانہ علاقہ کے بھوس گاؤں کے قریب 19 جولائی کی رات میں کچھ لوگوں نے ایک نامعلوم خاتون کو دیکھا۔ ان لوگوں نے اسے بچہ چور سمجھ کر شور مچانا شروع کر دیا۔شور سن کر لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی اور سب نے مل کر عورت کو ہاتھ، لاٹھی اور دیگر ہتھیاروں سے پیٹنا شروع کر دیا۔ اس کی وجہ سے کچھ ہی دیر میں اس کی موت ہو گئی۔انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد ملزمان نے واقعہ کے بارے میں کسی کو نہیں بتانے کا فیصلہ کرکے لاش کو محکمہ جنگلات کی ایک نرسری کے قریب پھینک دیا۔