نئی دہلی۔ 25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران کئی مسائل کے دوران بچہ مزدوری کا مسئلہ بھی اٹھایا گیا۔ ارکان نے چائیلڈ لیبر کو سختی سے ختم کرنے پر زور دیا۔ بی پی ایل کارڈس کے مسئلہ پر سخت نگرانی رکھنے کی ضرورت ہے۔ کانگریس کے رنجیتا رنجن نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ تمام شعبوں میں بچوں کو ملازمت دینے کے عمل پر پابندی عائد کی جائے۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ نوبیل انعام یافتہ کیلاش ستیارتھی نے بھی بہت پہلے بچہ مزدوری کو ختم کرنے کا مسئلہ اٹھایا تھا۔ عام آدمی پارٹی کے لیڈر بھگونت ماں نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ بی پی ایل کارڈس کی اجرائی پر کڑی نظر رکھے کیوں کہ یہ پتہ چلا ہے کہ ملک گیر سطح پر مقامی سیاست داں صرف اپنے حامیوں کو ہی ایم جی این آر ای جے اے جیسی اسکیموں کے تحت تمام فوائد پہونچانے کی کوشش کرتے ہیں۔