حیدرآباد ۔ /27 فبروری (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے مغل پورہ علاقہ میں واقع چوڑیوں کے کارخانے پر دھاوا کرتے ہوئے 10 کم عمر بچوں کو وہاں سے رہا کروادیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ بہار سے تعلق رکھنے والے اعجاز اور اس کے ساتھی بدر الدین قیصر ہوٹل مغل پورہ کے قریب چھوٹے سے کرایہ کے کمرے میں چوڑیوں کا کارخانہ چلارہے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ چھوٹے سے کمرے میں چلائے جارہے چوڑیوں کے کارخانے میں 40 مزدور بشمول 10 کم عمر بچے کام کررہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ کم عمر بچوں کو معقول تنخواہ کا وعدہ کرکے انہیں شہر لایا گیا تھا اور ہر ماہ انہیں محض 1600 تا 2000 روپئے تنخواہ دی جارہی تھی اور انہیں 13 گھنٹے کام کرنے پر مجبور کیا جارہا تھا ۔ پولیس نے مزید بتایا کہ چوڑیوں کے کارخانے سے رہا کروائے گئے بچوں کی عمر 14 سال سے کم ہے اور ایک ہی کمرے میں 20 مزدوروں کی رہائش کا انتظام کیا گیا تھا جس کے نتیجہ میں بچہ مزدوروں کی صحت انتہائی متاثر ہوگئی ہے اور شبہ کیا جارہا ہے کہ بعض بچہ مزدور ٹی بی کا شکار بھی ہوگئے ہیں۔