آئندہ ہفتے پارلیمنٹ میں پیشکشی : مرکزی وزیر کا بیان
حیدرآباد 28 نومبر ( پی ٹی آئی ) مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ بچہ مزدوری اور بونس کی ادائیگی سے متعلق دو بلوں کو پارلیمنٹ کے جاریہ سرمائی اجلاس میں آئندہ ہفتے پیش کیا جائیگا ۔ ملازمین کیلئے ای ایس آئی سی کے 100 بستروں کے دواخانہ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دتاتریہ نے کہا کہ اقل ترین اجرت ایکٹ میں ترامیم کے تعلق سے تمام متعلقہ افراد سے مذاکرات کا عمل پورا ہوچکا ہے اور بہت جلد اسے کابینہ میں پیش کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دو بل جو بچہ مزدوری ایکٹ اور بونس ترمیمی ایکٹ سے متعلق ہیں پارلیمنٹ میں پیش کرنے جا رہے ہیں اور حکومت کو امید ہے کہ یہ کام آئندہ ہفتے کردیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ارکان پارلیمنٹ کو بھی نوٹس دیدی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ مباحث کے بعد ان بلوں کو منظور کرلیا جائیگا ۔ مرکزی کابینہ کی جان سے پہلے ہی بچہ مزدوری ( انسداد ) ترمیمی بل 2012 اور ادائیگی بونس ( ترمیمی ) بل 2015 کو منظوری دی جاچکی ہے ۔ اقل ترین اجرت ایکٹ 1948 کے تعلق سے مسٹر دتاتریہ نے کہا کہ اس پر بھی تمام متعلقہ محکمہ جات اور وزارتوں کے ساتھ مذاکرات کو مکمل کرلیا گیا ہے ۔ وزارت نے اس پر سہ فریقی اجلاس بھی مکمل کرلیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل فلور لیول اقل ترین اجرت کو پہلے 135 روپئے مقرر کیا گیا تھا لیکن بعد میں اسے 165 روپئے کردیا گیا تھا ۔ کئی لیبر تنظیموں کا مطالبہ ہے کہ اسے بڑھا کر ماہانہ 15,000 روپئے کیا جانا چاہئے ۔