میں نے کبھی فرزند کے کاروبار میں مداخلت نہیں کی ۔ نائب صدارتی امیدوار وینکیا نائیڈو کا رد عمل
حیدرآباد 28 جولائی ( پی ٹی آئی ) اپنے افراد خاندان کی تجارت سے متعلق سوالات کے دوران این ڈی اے کے نائب صدارتی امیدوار ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ ان الزامات پر انہیں ذہنی اذیت اور کوفت ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی اپنے بچوں کے کاروبار میں مداخلت نہیں کی ہے ۔ نائیڈو یہاں اپنے بہی خواہوں کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ عوامی زندگی میں اس طرح کے الزامات سے بچنا ممکن نہیں ہے ۔ کانگریس لیڈر جئے رام رمیش نے حال ہی میں الزام عائد کیا تھا کہ جولائی 2014 میں حکومت تلنگانہ نے کسی ٹنڈر کے بغیر پولیس کیلئے 271 کروڑ روپئے مالیتی گاڑیوں کی خریدی دو کار ڈیلرس سے کی ۔ ایک ہرشا ٹویوٹا نامی کمپنی ہے جو وینکیا نائیڈو کے فرزند کی ہے جبکہ دوسری ہیمانشو موٹرس ہے جو چندر شیکھر راؤ کے فرزند کے ٹی آر کی کمپنی ہے ۔ رمیش نے الزام عائد کیا تھا کہ 20 جون کو حکومت تلنگانہ نے ایک خفیہ حکمنامہ جاری کرتے ہوئے سورن بھارت ٹرسٹ کو 2 کروڑ روپئے سے زائد ڈیولپمنٹ چارجس ادا کرنے سے استثنی دیدیا تھا جو حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو جاری کئے جانے تھے ۔ نائیڈو نے کہا کہ وہ اپنے فرزند کے کاروبار کا علم نہیں رکھتے ۔ وہ اس کی تفصیلات نہیں جانتے ۔ اب یہ بیانات آرہے ہیں کہ حکومت نے ہرشا ٹویوٹا سے اتنی بھاری تعداد میں گاڑیاں خریدی ہیں۔ نائیڈو نے کہا کہ جو لوگ کیچڑ میں ہیں و ہدوسروں کو بے داغ کپڑے پہنے نہیں دیکھ سکتے ۔ یہ لوگ دوسروں پر بھی کیچڑ اچھالنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ نائیڈو نے کہا کہ ان سے کہا گیا ہے کہ حکومت کمپنیوں کو گاڑیوں کی خریدی کا آرڈر دیتی ہے اور اس کے بدلے میں کمپنی ڈیلرس کو کمیشن دیا کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ان الزامات پر حیرت ہوئی تھی ۔ جو لوگ انہیں جانتے ہیں وہ سمجھ سکتے ہیں۔ دہلی میںر ہنے والے قائدین ہوسکتا ہے اس سے واقف نہ ہوں لیکن ریاستی قائدین انہیں واقف کرواسکتے تھے ۔