بچوں کے حقوق نظر انداز کرنے کا کسی کو حق نہیں

پرائمری ، اعلیٰ اور فنی تعلیم کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے چندرا بابو کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ذہنی صلاحیتوں و اپنی قابلیتوں سے استفادہ کر کے نتائج حاصل کرنے پر سماج میں دولت سے مالا مال کرنا ممکن ہوسکے گا ۔ وجئے واڑہ میں اپنی قیام گاہ سے محکمہ تعلیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ٹیلی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرائمری اعلیٰ تعلیم اور فنی تعلیم کو ایکدوسرے سے مربوط کرنے کی عہدیداران محکمہ تعلیم کو ضروری ہدایات دیں ۔ اور کہا کہ سماج میں انسانی وسائل کافی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں لہذا ان وسائل سے بھر پور استفادہ کرنے کی تمام پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ نائیڈو نے تعلیم کی اہمیت و افادیت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم آج ہر ایک کا حق ہوچکا ہے اور اس طرح بچوں کے حقوق کو ختم کرنے یا نظر انداز کرنے کا کسی کو بھی حق حاصل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں میں تعلیمی رجحان کو فروغ دینے اور ان میں ایک نیا اعتماد پیدا کرنے کے مقصد سے ہی حکومت آندھرا پردیش لڑکیوں میں سیکلوں کی تقسیم عمل میں لارہی ہے ۔ چیف منسٹر نے مدارس کے تقدس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مدارس ، کالجس ، مقدس مراکز ہی نہیں بلکہ انہیں انتہائی صاف و شفاف مقامات میں تبدیل کرنے کی عہدیداروں کو سخت ہدایات دیں ۔۔